ڈکیتی کی انوکھی واردات ،ڈاکوؤں نے 3لاکھ ،عوام نے 7لاکھ روپے لوٹ لیے, مزاحمت پرمارا کون گیا ؟ جانیے

Sep 25, 2024 | 08:00 PM

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)شہر قائد کے علاقے کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق، اور ان کا بیٹا زخمی ہو گیا، فائرنگ کے واقعے کے بعد ڈاکو تو 3 لاکھ روپے کیش لے گئے، تاہم عوام نے 7 لاکھ روپے لوٹ لیے۔

کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں مقتول عبدالمالک کو بیٹے کے ساتھ گاڑی میں آتے دیکھا جا سکتا ہے، مقتول بینک سے 10 لاکھ لا رہا تھا کہ عقب سے 2 موٹر سائیکلوں پر 3 ڈاکو آ گئے۔

فوٹیج کے مطابق ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی تو مقتول نے رقم کا بیگ دور پھینک دیا، اور ڈاکو سے الجھ گیا، جس پر ڈاکوؤں نے عبدالمالک پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے بعد جب ایک ڈاکو نے بیگ اٹھایا تو اس میں آدھی رقم زمین پر گر گئی، جسے وہاں موجود لوگ اٹھانے لگے، اس دوران مقتول کے بیٹے نے گاڑی سے نکل کر فائرنگ کی تو ایک ڈاکو زمین پر گر پڑا۔

موٹر سائیکل سوار ڈاکو بھاگے تو مقتول کے بیٹے نے ان کا تعاقب کیا، لیکن تعاقب کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مقتول کا بیٹا زخمی ہو گیا اور ڈاکو فرار ہو گئے۔

مزیدخبریں