وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کی ...
وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کی ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک (طاہرمحمود چوہدری سے)وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے "مستقبل کی سربراہی"  کانفرنس کے انعقاد  کا خیرمقدم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس کے نتائج سے ترقی پذیر ممالک کو سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز اور موسمیاتی اہداف کے نفاذ کے لیے مالیاتی خلاء اور نظام کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔           

سیکرٹری جنرل کو جموں و کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم نے مقبوضہ وادی میں بھارت کی جارحانہ کارروائیوں پر پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے تنازعہ کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنانے کے لیے اپنے اثرو رسوخ کو استعمال کریں۔

وزیراعظم نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی کی مہم کی شدید مذمت کی اور فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ اسرائیل کا احتساب کرے۔ وزیر اعظم  نے خودمختار ریاست فلسطین، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا.  

وزیر اعظم نے اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کو روکنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے سال 2025-26 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

 سیکرٹری جنرل گوتیریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی فعال شمولیت کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے امن مشن میں شرکت اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔