ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 13دہشتگرد ہلاک 

Sep 25, 2025

                                                             راولپنڈی/ڈیرہ اسماعیل خان (این این آئی)خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 ستمبر 2025 کو سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔آئی ایس پی آر نے بتایا سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ 13 خارجیوں کو جہنم واصل کر د یا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، یہ خوارج اس علاقے میں کئی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے جن میں دسمبر 2023 میں درابن میں خودکش حملے کی سہولت کاری، سرکاری اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ شامل ہیں۔آئی ایس پی آرکے بیان میں کہاگیا علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ختم کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں۔صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے ڈی آئی خان کے علاقہ درابن میں بھارتی پراکسی فتنہ الخواج کے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی کر کے 13دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا ہے کہ ملک سے  دہشتگرد ی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دہشتگرد ہلاک

مزیدخبریں