اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)صحافی و تجزیہ کار حسن ایوب نے پی ٹی آئی کے 27ستمبر کے جلسے کے حوالے سے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا 27ستمبر کا جلسہ کامیاب نہیں ہونا، اس کو کامیاب کرنے کیلئے وادیٔ تیراہ واقعہ پر سیاسی بیانیہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
معروف صحافی اور تجزیہ کار حسن ایوب سے یوٹیوب چینل کی اینکرپرسن نے سوال کیا کہ 27ستمبر کو عمران خان ریلیز جلسہ ہے، اس کی زمینی حقائق کی موجودگی میں کامیابی کے کتنے چانس ہیں،علی امین گنڈاپور اپنے ارکان اسمبلی کو ٹاسک بھی دیدیاہے ،لاکھوں لوگوں کو لانے کا کہا ہے۔
اس پر حسن ایوب کاتبصرہ کرتے ہوئے کہناتھا کہ لاکھوں نہیں کروڑوں لوگوں کا کہا ہے،انہوں نے تو کہا ہے کہ کروڑوں لوگ لے آؤ میں میزبانی کروں گا۔ بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی کا27ستمبر کا جلسہ کامیاب نہیں ہونا، اس کو کامیاب کرنے کیلئے وادی تیراہ واقعہ پر سیاسی بیانیہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وادیٔ تیراہ کے اندرکالعدم تنظیم کا اپناگودام تھااس میں دھماکا ہوتا ہے، اس کو جیٹ اور ڈرون کا حملہ بنا کر پیش کررہے ہیں۔
تجزیہ کار حسن ایوب کاکہناتھا کہ ان علاقوں کے اندر ڈرونز کے حوالے سے پہلے ہی نفرت پائی جاتی ہے،20سال پہلے جب دہشتگردی کیخلاف جنگ شروع ہوئی ہے تب سے ڈرونز حملے ہورہے ہیں وہ امریکی ڈرون حملے تھے،جن کیخلاف نفرت بنی ہوئی ہے۔
معروف صحافی نے کہاکہ اس مرتبہ کالعدم تنظیم کے اپنے گودام میں دھماکا ہوا جس کو رنگ دیا جارہا ہے کہ جیٹ یا ڈرون نے حملہ کر دیا ہےتاکہ لوگ نفرت میں اس جلسے میں شرکت کریں۔ بنیادی طور پر پی ٹی ایم اور کالعدم تنظیم دونوں اس معاملے کے اندر شراکت دار ہیں،پی ٹی ایم اور پی ٹی آئی دونوں ملکر یہ جلسہ کریں گے اور انہیں کالعدم تنظیم کی حمایت حاصل ہوگی۔