اخبارات بنیادی ذرائع ابلاغ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں،، بلاول بھٹو زرداری کا نیشنل نیوز پیپر ریڈرشپ ڈے کے موقع پر پیغام

Sep 25, 2025 | 08:06 PM

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین، بلاول بھٹو زرداری نے نیشنل نیوز پیپر ریڈرشپ ڈے کے موقع پر اپنا پیغام جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (APNS) 25 ستمبر کو نیشنل نیوز پیپر ریڈرشپ ڈے منا رہی ہے۔ اس موقع پر وہ اخباری برادری کے تمام اراکین کو ان کی قیمتی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اخبارات کئی دہائیوں سے بنیادی اور معتبر ذرائع ابلاغ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور ریڈیو و ٹیلی ویژن جیسے الیکٹرانک میڈیا کے دور میں بھی اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ اخبارات پڑھنے والے ہمیشہ سے معاشرے کے باخبر اور باشعور افراد سمجھے جاتے ہیں۔ اخبار بینی کی عادت نہ صرف شرح خواندگی کو فروغ دیتی ہے بلکہ عوام کو علم و آگہی کے ساتھ عالمی امور سے باخبر رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اخبارات کھیل، تفریح، سیاست اور تاریخ سمیت مختلف موضوعات پر جامع رپورٹنگ اور ماہرین کی رائے پیش کرتے ہیں، جو انہیں مستند معلومات اور ذمہ دار تجزیے کا معتبر ذریعہ بناتا ہے۔ آج کے ڈیجیٹل دور میں، جہاں غلط اور جھوٹی خبریں تیزی سے پھیلتی ہیں، وہاں اخبارات کی ساکھ اور جواب دہی انہیں بدستور ایک قابلِ اعتماد  معلومات کا ذریعہ بنائے ہوئے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر مدیران، صحافیوں، عملے اور اخباری صنعت سے وابستہ تمام افراد کو قوم کے لیے ان کی گراں قدر خدمات پر سراہا۔

مزیدخبریں