انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس خالد محمود سے چیئرمین(اوگرا) مسرور خان اور دھماکہ خیز موادکے محکمہ کے نمائندوں کی ملاقات

Aug 26, 2022 | 12:36 PM

لاہور(پ ر)   نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ہیڈ کواٹرز اسلام آبادمیں انسپکٹر جنرل خالد محمود کے زیر صدارت موٹرویز اورہائی ویز پر گاڑیوں کی محفوظ نقل و حرکت کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں چیئرمین اوگرا مسرور خان اور محکمہ دھماکہ خیز مواد کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکاء نے موٹرویز اور ہائی ویز پر آئل ٹینکرز، ایل پی جی اور آتش گیر مواد لے جانے والی گاڑیوں کی محفوظ نقل و حرکت کے حوالے سے اہم معاملات کو زیر بحث لایا۔ اجلاس میں مذکورہ گاڑیوں کی ملک بھر میں محفوظ نقل وحرکت کے حوالے سے ایک مربوط اور محفوظ پالیسی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ جس کے تحت اس بات کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا کہ مذکورہ گاڑیاں ناخوشگوارحادثات سے محفوظ رہیں اور مستقبل میں محفوظ طریقے سے ملک بھر میں آمد ورفت کر سکیں۔اجلاس میں اس بات پر باہمی اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ ٹیمیں موٹرویز اور ہائی ویز پر مذکورہ گاڑ یوں کی ٹریفک قوانین اور ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانے کیلئے چیکنگ کریں گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئل ٹینکرز میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔
انسپکٹر جنرل خالد محمود نے موٹرویز اور ہائی ویز پر مسافروں کی حفاظت اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے حالیہ اقدامات کے بارے میں بھی  شرکاء کوایک جامع بریفنگ دی۔انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے آئل ٹینکرز، ایل پی جی اور آتش گیر مواد لے جانے والی گاڑیوں کی حفاظت کے کیلئے سیفٹی بریفنگ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

مزیدخبریں