میری ٹائم ونٹر اسکول 2020 کراچی میں اختتام پزیر

Jan 26, 2020


کراچی (اسٹاف رپورٹر) میری ٹائم اسکولز کا تیسرا بیچ میری ٹائم ونٹر اسکول 2020 بحریہ یونیورسٹی، کراچی میں اختتام کو پہنچا۔ میری ٹائم ونٹر اسکول 2020 میری ٹائم اسٹڈی فورم، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز (این آئی ایم اے) اور نیشنل سینٹر برائے میری ٹائم پالیسی ریسرچ (این سی ایم پی آر) کے اشتراک سے منعقد ہوا۔ ایم ڈبلیو ایس 2020 کا بنیادی مقصد شریک ہونے والے ریسرچرزاور طلباء میں میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ اس ورک شاپ میں سمندری اور ساحلی پٹی پر موسمی اثرات، سمندری معیشت اور پالیسی، سمندری وسائل، ہائیڈرو گرافی، سمندری تحفظ اور بحری سفارتکاری جیسے موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔اس پانچ روزہ سکول میں پاکستان بھر سے آئے شرکاء نے حصہ لیا جن میں وکلاء، بین الاقوامی تعلقات، سیاسیات اور دیگر شعبہ جات کے محققین اور طلباء شامل تھے۔ اس پروگرام کے مقررین میں بحری علوم کے ماہرین، اساتذہ اور میڈیا ایکسپرٹس، جن میں صدر میری ٹائم سٹڈی فورم ڈاکٹر سید محمد انور، ڈائریکٹر میری ٹائم سٹڈی فورم سلمان جاوید، ڈاکٹر انیل سلمان، ڈاکٹر طاہر الملک، ریئر ایڈمرل مختار خان جدون، کموڈور (ر) سید ایم عبید اللہ، کموڈور ایم خالد، ڈاکٹر خرم اقبال، ریئر ایڈمرل (ر) پرویز اصغر، نوفل شاہ رخ اور کموڈور (ر) علی عباس شامل تھے۔ ان مقررین نے لیکچرز، مشقوں اور فیلڈ وزٹ کے ذریعے شرکاء کو سمندر سے متعلق گراں قدر معلومات سے روشناس کرایا۔میری ٹائم ونٹر اسکول 2020 کی خاص بات میں شرکاء کو میری ٹائم سے متعلق اہم اور معروف جگہوں کا دورہ کرانا بھی شامل تھا۔ شرکاء نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشیانوگرافی (این آئی او)، کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی)، ساوتھ ایشیاء پاکستان ٹرمینل (ایس اے پی ٹی ایل)، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی)، کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (کے ایس اینڈ ای ڈبلیو) اور گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کا دورہ کیا۔شرکاء نے گڈانی، بلوچستان کے قریب حاجی الانو گوٹھ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی باسیوں سے بات چیت کی اور ساحلی پٹی پر مقامی ماہی گیروں کو درپیش مسائل کے بارے میں ان کی آراء معلوم کی۔ پانچ روزہ پروگرام کے اختتامی دن سیمینار کا بھی اہتمام کیا گیا جسکا مقصد مین اسٹریم اور متبادل میڈیا کے ذریعے پاکستان کی سمندری صلاحیت کو اجاگر کرنا تھا۔ اس سیمینار میں الیکٹرانک میڈیا، سوشل میڈیا اور سمندری ماہرین پر مشتمل پینل نے میڈیا کے ذریعے میری ٹائم سیکٹر کو فروغ دینے کے حوالے سے بات کی۔ ان مقررین میں کموڈور (ر) سید ایم عبید اللہ، دانیال شیخ، سلمان پاریک، نادیہ نقی اور اویس اقبال بلوچ شامل تھے۔

مزیدخبریں