اٹک (آئی این پی ) اٹک سے پی ٹی آئی کے رہنما میجر ریٹائرڈ طاہر صادق کی صاحبزادی انسباط طاہر کو گرفتاری کے بعد رہا کر دیا گیا۔
تفصیل کے مطابق 26 نومبر کو پولیس پر تشدد کے الزام میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما میجر ریٹائرڈ طاہر صادق کی صاحبزادی انسباط طاہر کو اٹک سے گرفتار کیا گیا مگر پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت ہونے کا پتہ چلنے کے بعد ان کو کچھ دیر بعد ہی رہا کر دیا گیا۔قبل ازیں سابق چیئر پرسن ضلع کونسل و رہنما پی ٹی آئی ایمان طاہر صادق کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ میری بہن انبساط کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، پھر بھی ضمانت کے باوجود گرفتار کیا گیا، اس سے پہلے ایف آئی آرز اور گھروں پر ریڈ بھی جاری ہیں، وقت گزر جائے گا لیکن چہرے یاد ہیں، کچھ بھی نہیں بھولے گا، ہم جہاں ہیں وہیں ہیں۔
بھائی زین الہی نے کہا کہ ڈی پی او اٹک نے اعلی عدلیہ کے حکم کو نہ مانتے ہوئے بہن انبساط طاہر کو گرفتار کیا، پولیس نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں، انہوں نے خود کو موجودہ حکومت کا غلام بنالیا، پشاور ہائی کورٹ نے انبساط طاھر کو کسی بھی مقدمہ میں گرفتاری سے روک رکھا ہے۔