اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) سپریم کورٹ میں ایڈیشنل رجسٹرار توہین عدالت کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ کل (بروز پیر) سنایا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے فیصلہ جمعرات کو محفوظ کیا تھا، بنچز کے اختیارات کیس میں فل کورٹ کی تشکیل پر بھی عدالت نے دلائل طلب کئے تھے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سپریم کورٹ نے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کو سنگین غلطی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔سپریم کورٹ کے اعلامیے میں رجسٹرار سپریم کورٹ کو ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کے معاملے کو دیکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
اعلامیے کے مطابق ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نے آئینی بنچ کا مقدمہ غلطی سے ریگولر بنچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر کیا، نتیجتاً سپریم کورٹ اور فریقین کے وقت اور وسائل کا ضیاع ہوا۔
خیال رہے کہ ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس نے شوکاز نوٹس واپس لینے کی استدعا کر رکھی ہے، ایڈیشنل رجسٹرار کی شوکاز کے خلاف انٹراکورٹ اپیل بھی لارجر بنچ میں کل سماعت کیلئے مقرر ہے۔