رینجرز اہلکاروں پر گاڑی کس نے چڑھائی ، چونگی نمبر 26پر کیا ہوا , اب تک کتنے سیکیورٹی اہلکار شہید و زخمی ہوئے ۔۔۔؟ اہم تفصیلات جانیے

Nov 26, 2024 | 05:21 PM

 اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی دارالحکومت میں رینجرز اہلکاروں پر گاڑی کس نے چڑھائی ، چونگی نمبر 26پر کیا ہوا , اب تک کتنے سیکیورٹی اہلکار شہید اور زخمی ہوئے ۔۔۔؟ اس حوالے سے  اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق چونگی نمبر 26 پر شر پسندوں نے رینجرز اور پولیس پر  بِلا اشتعال شدید پتھراؤ اور فائرنگ کی،شر پسندوں کے تشدد سے ایک رینجرز سپاہی شدید زخمی ہو گیا ،زخمی  سپاہی کو تشویشناک حالت میں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال راولپنڈی  منتقل کیا گیا ۔

شر پسند ہر طرح کے اسلحہ اور ہتھیاروں سے بھی لیس ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ  سری نگر ہائی وے پر شر پسندوں نے گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھا دی جس سے 4 رینجرز اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 5 رینجرز اور پولیس کے جوان شدید زخمی ہیں۔پی ٹی آئی شر پسندوں کے  قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں اب تک رینجرز   کے 4 جوان شہید جبکہ پولیس کے 2جوان شہید ہو چکے ہیں. اب تک 100سے زائد پولیس اہلکار زخمی  ہو چکے ہیں جن میں متعدد شدید زخمی ہیں ۔آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو بلا لیا گیا ہے،انتشار اور شر پسندوں کو آہنی ہاتھوں سے نپٹنے کیلیے احکامات دیئے گئے ہیں۔

  سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے واضح  الفاظ میں کہا گیا ہے کہ شر پسند عناصر کی طرف سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کسی طور برداشت نہیں کیا جائے گا،تمام شر پسند عناصر کی نشاندہی جاری ہے اور ان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں ہر صورت لایا جائے گا۔انتشار پسند اور دہشت گرد عناصر کو کسی بھی قسم کی دہشت گردانہ کرروائی سے نپٹنے کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں