پی ٹی آئی کے بارے میں واضح اور دوٹوک فیصلے کا وقت آپہنچا ہے،مزید تاخیر بہت مہنگی پڑے گی:سینیٹر عرفان صدیقی

Nov 26, 2024 | 07:39 PM

اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن )سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور قائمہ کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے خبردار کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بارے میں واضح اور دوٹوک فیصلے کا وقت آپہنچا ہے۔ مزید تاخیر بہت مہنگی پڑے گی۔

منگل کو سوشل میڈیا 'ایکس' پر بیان میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما  عرفان صدیقی نے کہاکہ آج کریں یا کل،فیصلہ کرنا پڑے گا کہ کیا بد امنی، لاقانونیت، فتنہ و فساد، قتل و غارت گری اور پاکستان مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا گروہ، "سیاسی جماعت" کہلانے کا حق رکھتا ہے؟ پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں کون سی سیاسی جماعت ہے جس نے صوبائی طاقت کے ذریعے وفاق پر لشکر کشی کی ہو، فائرنگ کی ہو، آنسو گیس پھینکی ہو، نصف درجن اہلکاروں کو قتل اور سینکڑوں کو زخمی کر دیا ہو؟ پی ٹی آئی 9 مئی 2023 کے بعد ہر گز سیاسی جماعت نہیں رہی تھی لیکن اسے لمبی ڈھیل دی گئی۔نتیجہ یہ کہ سیاسی جھنڈا اٹھائے ایک خونخوار لشکر لاشیں گراتا، خون بہاتا، 9 مئی سے کہیں بڑا 9 مئی ساتھ لیے اسلام آباد تک آن پہنچا ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ لاشیں اٹھاتی اور جنازے پڑھتی ریاست نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے رد عمل دیا تو پھر یہ فسادی گروہ مظلومیت کی چادر اوڑھ کر” سیاسی حقوق" کا واویلا شروع کر دے گا۔پی ٹی آئی کے بارے میں واضح اور دوٹوک فیصلے کا وقت آپہنچا ہے۔ مزید تاخیر بہت مہنگی پڑے گی۔

مزیدخبریں