پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا،وزیراعظم کا اقوام متحدہ میں خطاب

Sep 27, 2024 | 06:45 PM

نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھا دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے گھر ملبے کے ڈھیر بن گئے، دنیا آنکھیں کیسے بند رکھ سکتی ہے،ہمیں یاد رکھنا ہوگا کہ غزہ کے لوگوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،فلسطین کو فوری طور پر اقوام متحدہ کا مستقبل رکن تسلیم کرنا ہوگا،صرف مذمت کرنا کافی نہیں، ہمیں اس خونریزی کو فوری روکنا ہوگا، غزہ کے المناک سانحہ نے انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، معصوم بچوں، عورتوں اور نہتے شہریوں کے قتل پر خاموش نہیں رہا جا سکتا، اسرائیلی جارحیت کو طوالت دینے والوں کے ہاتھ بھی غزہ کے بچوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، نہتے فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، عالمی برادری کو پائیدار امن اور دو ریاستی حل کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔

مظلوم کشمیریوں کے حوالے سے اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر بھی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں، یہ طے ہوا تھا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت ملے گا، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں،مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مذموم کوششیں ہو رہی ہیں،غیر مقامی افراد کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کیا جا رہا ہے، بھارتی جبر کے باوجود کشمیر کے عوام برہان وانی کے نظریئے کو آگے بڑھا رہے ہیں، بھارت کے جارحانہ عزائم سے خطے کے امن کو خطرات ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان کی مثبت تجاویز کا بھارت نے جواب نہیں دیا، پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔

مزیدخبریں