2024 میں کتنے تارکین وطن سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوئے؟ اہم رپورٹ جاری

Dec 28, 2024 | 12:12 PM

میڈرڈ (ویب ڈیسک) سال 2024 میں سمندر پار کر کے دوسرے ملک جانے والے تارکین وطن کی ہلاکتوں کی ہوشربا رپورٹ سامنے آئی ہے۔

نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق سال 2024 میں اسپین جانے کی کوشش کرنے والے 10 ہزار سے زائد تارکین وطن ڈوب کر ہلاک ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بہتر زندگی کی تلاش میں سمندری اور زمینی راستوں سے اسپین جانے کی کوشش میں 10 ہزار سے زائد تارکین وطن موت کے منہ میں چلے گئے۔

تارکین وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ہسپانوی گروپ کیمینانڈو فرنتیراس کے مطابق رواں سال کشتیوں سے اسپین پہنچنے کی کوشش میں روزانہ 30 افراد ہلاک ہوئے۔

ہسپانوی گروپ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں برس ہلاکتوں میں 58 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پر خطر راستوں کے علاوہ ہلکی ساخت کی کشتیوں کا استعمال اور ریسکیو کے کام میں وسائل کی کمی بھی ہلاکتوں کا باعث ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اکثریت کا تعلق افریقی ممالک سے ہے، جبکہ دیگر تارکین وطن پاکستان سمیت دنیا کے 28 ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

حالیہ سالوں میں پاکستان سے کئی شہری روشن مستقبل کی تلاش میں یورپ جانے کی کوشش کرتے رہے ہیں جس کے باعث بہت سے افراد ہلاک بھی ہوئے۔

مزیدخبریں