اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم شہباز نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو سمارٹ میٹرز لگانے کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اوور بلنگ کسی صورت قبول نہیں، اوور بلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے امور زیر بحث آئے۔ اجلاس کو لیسکو، پیسکو اور فیسکو کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا سمارٹ میٹرز لگانے کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ بلنگ نظام میں شفافیت لائی جا سکے، اوور بلنگ کسی طور پر قبول نہیں، ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ان کا کہنا تھا بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتی میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انتہائی شفاف عمل کے ذریعے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتی جلد مکمل کی جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں افرادی قوت کی بھرتی میرٹ پر کی جائے، نیپرا کا دیا گیا ٹارگٹ پورا کرنے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔