بچوں کا تعلیمی اداروں میں سو فیصد آضافہ یقینی بنایا جائیگا : رانا مشہود

Feb 28, 2017

 لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت اربوں روپے کے فنڈ ز سے بنیادی اورمعیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔سکول جانے والے بچوں کا تعلیمی اداروں میں سو فیصد داخلہ یقینی بنایا جائیگا تاکہ "پڑھو پنجاب،بڑھو پنجاب " پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روزیہاں سو سکولوں میں ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن کلاس رومزکے قیام کے حوالہ سے منعقدہ افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ سٹاف ڈویلپمنٹ، ضلعی حکومت اوریونیسف کے باہمی اشتراک سے ضلع جھنگ کے سو سکولوں میں ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن کلاس رومزکا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس سے معیاری تعلیم کے فروغ میں مدد ملے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ سے پاکستان بیس بڑی معیشت کے ممالک میں سے ایک بڑی معیشت بننے جا رہا ہے جس سے دیگر ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تعلیمی میدان میں آگے بڑھتے ہوئے ٹیلنٹ سے دہشتگردی جیسے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا۔


صوبائی وزیر نے اساتذہ کرام کو ہدایت کی کہ وہ طلباء و طالبات کے روشن مستقبل کیلئے ان کی بھرپورحوصلہ افزائی کریں اور آگے بڑھنے اور پاکستان کا نام روشن کرنے کے حوالہ سے خود اعتمادی پیداکریں۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔دریں اثناء صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے سرکٹ ہاؤس میں ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن کلاس رومز کے قیام ، مانیٹرنگ، راہنمائی اور اساتذہ کی تربیت اور آگہی کے حوالہ سے محکمہ تعلیم کے ماسٹر ٹرینرز کے ساتھ میٹنگ کی۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے گورنمنٹ گرلزہائر سیکنڈری سکول سٹیلائٹ ٹاون اور گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول جھنگ صدر کا دورہ کیااورسکولوں میں کمپیوٹر لیبز،بائیو لیب اورہائر بلاک سمیت مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور طلباء و طالبات سے تعلیم کے فروغ اور معیار کے حوالہ سے معلومات حاصل کیں ۔اس دوران انہوں نے سکولوں میں معمولی نوعیت کے زیر تکمیل کاموں کو فوری مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔ صوبائی وزیر نے سکول انتظامیہ کو تاکید کی کہ روزانہ کی بنیاد پر اساتذہ کی حاضری کو چیک کریں اورصفائی ستھرائی اوردیگر سیکورٹی انتظامات کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کومزید موثر اور فعال بنائیں۔

مزیدخبریں