اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) احتجاج کے بعد ملک میں زندگی معمول پر آگئی، اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام سکول 4 روز بعد دوبارہ کھل گئے۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کے تمام نجی اور سرکاری سکول احتجاج کے باعث 4 دن کی بندش کے بعد آج جمعرات سے کھل گئے، حالات بہتر ہونے پر جڑواں شہروں کے سکول 28 نومبر سے دوبارہ کھولے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلع بھر کے تمام سرکاری اور نجی سکول اور کالج دوبارہ کھل جائیں گے، تینوں پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشنز نے بھی آج سکول کھولنے کی تصدیق کی ہے، والدین کو واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے آگاہ کیا گیا۔
سرکاری سکولوں کے دفاتر بھی کھل گئے ہیں اور اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی حاضری دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔
چار دن کے بعد جڑاں شہروں میں تجارتی مراکز کھل گئے، انٹرنیٹ اور میٹرو سروس بحال کردی گئی جبکہ معمولات زندگی لوٹنے پرعوام نے سکھ کا سانس لیا۔
بدھ کی صبح اسلام آباد اور راولپنڈی میں معمولات واپس آگئے، تمام سڑکوں کی رکاوٹیں ہٹا دی گئیں اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا گیا جبکہ لاہورشہرکے تمام راستے بھی کھل چکے ہیں، موٹرویز اور قومی شاہراہ پر ٹریفک رواں دواں ہے۔
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ تمام سڑکوں کو فوری طور پر دوبارہ کھولنے کو یقینی بنائیں اور شہر کی فعالیت کو بحال کرنے کیلئے اہم چوراہوں پر صفائی ستھرائی کی ہدایت کی۔
دارالحکومت میں 24 نومبر کو شہر میں سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے سکول بند کردیئے گئے تھے۔