آپ کے گاؤں40/12L کے ساتھ ایک گاؤں 109/12Lسے چوکیدار عبدالمجید پٹھان نے آکر اطلاع دی کہ صوبیدار میجر محمد علی کی بیوی فوت ہو گئی آپ نے کہا کہ کل ہی میں نے اسے چیک کر کے دوائی دی تھی وہ نہیں مر سکتی ۔آپ ڈاکٹر بھی تھے اور کلام الٰہی سے مخلوق کا علاج بھی کرتے تھے ۔آپ جب اس گاؤں میں پہنچے تو لوگ اس عورت کا جنازہ لے کر قبر ستان جا رہے تھے ۔آپ نے وہاں پہنچ کر جنازے کو روکا اور کہا کہ جنازے کو واپس گھر لے چلو یہ عورت تو زندہ ہے پہلے تو کچھ لوگوں نے مزاحمت کی جو لوگ شاہ صاحب کو جانتے تھے انہوں نے شاہ صاحب کے حکم کی تعمیل کی اورجنازے کو گھر لے آئے ۔شاہ صاحب نے صوبیدار کی بیوی کے جسم کے مختلف جوڑوں پر بھیڑوں کا دودھ منگواکر عورتوں سے مالش کروائی ۔لوگ حیرت سے تمام ماجرا دیکھ رہے تھے ۔تھوڑی دیر بعد عورت کا انگوٹھا ہلا تو لوگ ڈر گئے ۔آہستہ آہستہ عورت کا پورا جسم کام کرنا شروع ہو گیا اور وہ عورت اٹھ کر بیٹھ گئی آپ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس عورت کو دو بیٹے عطاء کرے گا۔ایک کا نام نورالہادی اور دوسرے کا نام عبدالہادی رکھنا اسی طرح ہی ہوا وہ عورت بڑا عرصہ زندہ رہی ۔آپ فرماتے تھے میرے خاندان میں کوئی مست مجذوب پیدا ہو گا اور سالک (ہوش) بھی ہوگا۔ جیسے جیسے وقت گزرتا گیا آپ کی بات سچ ثابت ہو گئی ۔سید عرفان احمد شاہ کے دادا کے بھائی سید حبیب الرحمان تھے ۔اس وقت برصغیر کے چار بیرسٹر بنے جن میں سید حبیب الرحمان ، سید عبداللہ ، قائد اعظم محمد علی جناح اور مہاتما گاندھی تھے ۔تمام لوگ چار بجے اکٹھی چائے پیتے تھے ۔آپ کے دادا حبیب الرحمان اکثر فرماتے تھے کہ گاندھی اور جناح تم کچھ نہ کچھ ضرور کرو گے ۔دادا کی بات سچ ثابت ہوئی ۔
ولادت با سعادت:
سید عرفان احمد شاہ المعروف نانگا مست کی والد ہ ماجدہ امام بری سرکار اسلام آباد کے پاس ایک قصبہ نو رپور شاہاں میں رہائش پذیر تھیں ۔راستے میں بڑا جنگل پڑتا تھا۔والدہ محترمہ کو راستے میں ایک بزرگ ملتے وہ والدہ محترمہ کو ایک لیموں دیتے جس کی تاثیر یہ تھی کہ گرمیوں میں پانی میں ڈالنے سے پانی ٹھنڈا اور میٹھا ہو جاتا تھا۔والدہ محترمہ اور جن لوگوں نے لیموں کا پانی پیا وہ بھی پانی کی یہی تاثیر بیان کرتے تھے۔
وہ بزرگ والدہ محترمہ کو فرماتے تھے کہ آپ کے ہاں ایک مست مجذوب بچہ پیدا ہو گا ۔تین سال تک اس کو گود میں کھلانا اور اس کے بعد اس کو کسی درگا ہ میں دے آنا ۔مائی صاحبہ نے کہا کہ میرے شوہر کے آباؤاجداد بھی یہی ذکر کرتے ہیں11اگست 1973ء کو سید ممتاز احمد شاہ کے سادات گھرانے نور پور شاہاں اسلام آبادمیں سید عرفان احمد شاہ کی ولادت ہوئی پورے خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی بچہ دیکھنے میں چاند کا ٹکڑا اور پورے خاندان کی آنکھوں کا تارا تھا ۔
بچپن میں جھولے سے غائب ہونا
آپ کی عمر دو ماہ تھی کہ والدہ محترمہ آپ کو جھولے میں لِٹا کر اپنے کام میں مصروف تھیں کہ ملازمہ نے آکر بتا یا کہ جھولا ہل رہا ہے اور جھولے سے شاہ صاحب غائب ہیں ۔جب پورے گھر کی تلاشی لینے پر کچھ معلوم نہ ہوا توتلاش کادائرہ گاؤں کی سرحدوں تک پہنچنے میں چند منٹ ہی لگے اورنور پو ر شاہاں میں شور برپا ہو گیا کہ سادا ت کے بچے کو کوئی اٹھا کر لے گیا ہے ۔تلا ش کے بعد گاؤں سے تھوڑی دور کوؤوں کا شور تھا وہاں سے بچہ مل گیا جس کے ہاتھ پاؤں مڑے ہوئے تھے یہ بات پورے علاقے میں مشہور ہو گئی کہ بچے کو جنات اٹھا کر لے گئے تھے ۔بچے کو دم کروانے کے لیے بہت سارے امام مسجدوں کے پاس لے کر گئے ۔جو بھی امام مسجد دم کرتا اس کے ہاتھ پاؤں بھی اسی طرح مڑ جاتے جیسے ہی بچے کو وہاں سے دور لے جاتے امام مسجد کے ہاتھ پاؤں ٹھیک ہو جاتے ۔آخر کار والد ہ محترمہ شاہ صاحب کو سید غلام محی الدین المعروف پیر بابو جی گولڑہ شریف کے پاس لے کر گئیں اور دم کرنے کا کہا پیر بابو جی نے شاہ صاحب کو دیکھااور کہا کہ شاہ صاحب کو کوئی دم نہیں کر سکتا اور وہاں تمام لوگوں کو بتا یا کہ کبھی بھی یہ مائی صاحبہ شاہ صاحب کو دم کروانے کے لیے آئے تو شاہ صا حب کو ئی دم نہ کرے پیر بابو جی سرکار نے فرمایا کہ شاہ صاحب کو گھر لے جا کر سفید تولیے میں لپیٹ کر رکھ دیں صبح تک ہاتھ پاؤں خود بخود ٹھیک ہو جائیں گے اوراگلی صبح اسی طرح ہی ہوا ۔اس واقعہ کی شہرت دور دور تک پہنچ گئی جس کسی کو بھی آسیب ہوتا تو وہ سید عرفان احمد شاہ صاحب کا پہنا ہوا کوئی کپڑا لے جاتا تو اس کا آسیب دور ہو جاتا ۔
جسم کے عضا ء کا علیحدہ علیحدہ ہونا
تین سال کی عمر کے بعد نوکروں نے آکر شور مچانا شروع کرد یا کہ بچے کو کسی نے قتل کر دیا ہے ۔گردن اور جسم دور دور پڑے ہیں گھر والے وہاں پہنچتے تو بچہ ٹھیک ہوتا بزرگ مائی صاحبہ کے خواب میں ملتے اور وعدہ یاد کرواتے کہ بچے کو تین سال تک گود میں کھلانے کا وعدہ تھا اب بچے کے کپڑے اُتار کر کسی درگاہ پر چھوڑ آؤ لیکن والدہ کسی طرح بھی اپنے جگر کے ٹکڑے کوخود سے دور کرنے پر تیار نہ تھیں۔ بزرگ مسلسل ملتے رہے ایک دن خواب میں بزرگ نے کہا کہ اب تو بچے کے ٹکڑے جڑ جاتے ہیں نہ جڑے تو کیا کرو گی آخر کارمائی صاحبہ نے آپ کو ساڑھے تین سال کی عمر میں سید علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا حضوردربار کے درواز ے پر جہاں آ ج سونے کا دروازہ ہے وہاں آپ کو کپڑے اتار کر بٹھا دیا اور کہا کہ آپ کو میں اللہ ،رسول ﷺاور صالحین کے سپرد کرتی ہوں اور کہا بیٹا آپ نے یہاں ہی بیٹھے رہنا ہے یہاں سے کہیں نہیں جانا۔ (جاری ہے) *
عالم مجذوبی کے دور کے واقعات
سید عرفان احمد شاہ عرصہ تیرہ سال تک عالم مجذوبی میں رہے ہر رات کسی نہ کسی روحانی بزرگ سے ملاقات ہوتی اور وہ شاہ صاحب کی روحانی تربیت فرماتے آپ رات کو چلتے دن کو بیٹھے رہتے وہاں داتا دربار میں پولیس چوکی بن گئی آپ اکثر خواجہ غریب نواز کے ہجرے کے سامنے بیٹھے رہتے ۔اکثر آنے جانے والے لوگ تنگ کرتے ،پتھر مارتے ، گالی گلوچ کرتے آپ کو دیوانہ، مست مجذوب سمجھ کر آپ کی شان میں گستاخی کرتے اکثر لوگ آپ کو مینٹل ہسپتال میں داخل کرواتے اور کہتے اس مجذوب کا علاج کرو مینٹل ہسپتال کے ڈاکٹرز جب آ پ کو علاج کی غرض سے بجلی کے جھٹکے لگاتے تو آپ اٹھ کر بیٹھ جاتے ان بجلی کے جھٹکوں کا آپ کے اوپر کچھ اثر نہ ہوتا جبکہ کسی بھی شخص کو بجلی کا کرنٹ لگایا جائے تو اس کا پیشاب نکل جاتا ہے۔ایک با ر چوکی انچار ج بشیر پہلوان نے آپ کو اسٹیشن پر لے جا کر ایک ہوٹل والے کوفروخت کر دیا ہوٹل والوں نے کام پر لگا لیا آپ کوہوٹل کے اندر کی جانب برتن صاف کرنے کے لیے دے دیے آپ نے بڑے بڑے برتن منٹوں میں صاف کردیے ہوٹل والے ڈر گئے انہوں نے آپ کو فوراً چھوڑ دیا اور بشیر پہلوان کو کہا یہ تو کوئی اور ہی معاملہ ہے جب بشیر پہلوان ایس ایچ او گوالمنڈی لگا تو آپ نے اس کو وہ واقع یاد دلایا تو وہ تھر تھر کانپنے لگا اور بولا پتہ نہیں میری معافی ہو گی یا نہیںآپ نے کئی سال تک خاموشی اختیار کیے رکھی۔لوگوں نے اور پولیس والوں نے جب آپ کو بہت زیادہ تنگ کیا تب آپ نے اپنی خاموشی توڑ کر کہا کہ مجھے بتاؤ میں لڑکا ہوںیا لڑکی ؟اس سوال کا کوئی جواب نہ دے سکا اس کے بعد پولیس اور عام لوگوں نے تنگ کرنا چھوڑ دیا۔
وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کے والد اور والدہ کی دُعا کی درخواست
عالم مجذوبی میں بہت ساری شخصیات آپ سے ملیں جن میں میاں محمد نواز شریف کے والد میاں محمد شریف اوران کی اہلیہ اکثر رات کے دو بجے داتا دربار میں حاضری کے لیے آتے اور آپ سے دعا کے لیے کہتے آپ نے میاں محمدشریف سے فرمایا !میاں صاحب آپ چوہدری نہیں بن سکتے حکمران بنیں ۔میاں شریف نے کہا کہ کسی بزرگ نے پہلے بھی کہا تھاکہ آپ چوہدری نہ بنیں بلکہ حکمران بنیں۔
کاغذکے ٹکڑوں کا کرنسی نوٹ بن جانا
بابا محمد شفیع کوٹ عبداللہ شاہ کنک منڈی مزنگ میں رہتے تھے اور اکثر عالم مجذوبی میںآپ کے ساتھ ملاقات ہوتی بابا محمد شفیع آپ کو کاغذوں کے ٹکڑے دیتے تھے آپ نے جب بھی کوئی چیز خریدنی ہوتی تو دوکان دار کو وہ کاغذ کے ٹکڑے دیتے وہ د دکان دار کے پاس جاکر خود بخود کرنسی نوٹوں کی شکل اختیار کر جاتے۔
عبدالغنی چشتی سرکار سے ملاقات
عبدالغنی چشتی سرکار بچپن میں آکرآ پ سے ملاقات کرتے اور درود شریف سنا کرتے تھے پھر کافی عرصہ کے بعد سید میراں شاہ موج دریا دربار نزد اے جی آفس لاہور میں آپ کی ملاقاتیں ہوتی رہتی عبدالغنی چشتی سرکار نے کہا کہ شہزادے تم بڑے ہو گئے ہو اب ستر پوشی کرو اور کپڑے پہن لو آپ نے کہا کہ میں کپڑے پہنتا ہوں تو مجھ پر بوجھ آ جاتا ہے جس سے میں چل نہیں سکتا بابا جی نے فرمایا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں کپڑے پہننے میں بسم اللہ کریں کبھی آپ کو کپڑے پہنا دےئے جاتے اور کبھی آ پ اتار دیتے ایسا ہی چلتا رہا ،باباجی سرکار نے کپڑے پہنانے میں آپ کی بڑی تربیت کی آپ بابا جی سرکار سے فرماتے کہ میرے کان میں آواز آتی ہے کپڑے اتار دو ، لوگ مجھے پاگل کہیں گے ، تو بابا جی سرکار نے فرمایا کہ آواز آنی بند ہو جائے گی اور لوگ سب کچھ بھول جائیں گے آپ نے چالیس سال تک اپنے بارے میں کچھ نہیں بتاناکہ آپ ہی وہی مست مجذوب ہیں کھرا اور کھوٹا سونا بغیر کسوٹی پر پرکھے قابل اعتبار نہیں رب العالمین بلاشبہ وہ یقین کو شک سے جدا کر لیتا ہے ۔ خاتم المرسلین حضرت محمد رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اپنے دل سے فتوی پوچھ اس کو ہی جانتا ہے جو وفاداری سے پر ہوتا ہے۔
محترمہ بے نظیر بھٹو کی دُعا کی درخواست
1988 ء میں ابھی الیکشن نہیں ہوئے تھے کہ محترمہ بینظیر بھٹو ایک بڑے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے جب لاہور ہائی کورٹ کے گیٹ کے قریب پہنچیں تو ہجوم کو دھکا لگا اور آپ بے لباس محترمہ بے نظیر بھٹو کے قریب پہنچ گئے بغیر کپڑوں کے دیکھ کر سب لوگ حیران رہ گئے سکیورٹی والوں نے فوراً آپ کو اتارنے کی کوشش کی محترمہ نے آپ کو دیکھا اور سکیورٹی والوں کو منع کیا کہ اس مست مجذوب کو کچھ نہیں کہنا ۔مجھے خواب میں ایک بزرگ اور جیل میں میرے ڈیڈی نے مجھے بتایا تھا کہ تجھے ایک ایسابزرگ ملے گا جس کی آنکھوں کا رنگ ایسا ہوگا ۔محترمہ نے موٹا سا عدسہ نکالا اور اس نے آ پ کی دونوں آنکھوں کو غور سے دیکھا تو بولی یہی ہے وہ بزرگ جس کا مجھے شدت سے انتظار تھا۔جہانگیر بدر گاڑی چلا رہاتھا۔گاڑی جب گلزار ہاؤ س پہنچی تو لوگوں نے اعتراض کیا کہ مجذوب شخص کو آپ نے اپنے ساتھ رکھا ہوا ہے ۔اس دوران جب فوٹو گرافروں نے آپ کی تصاویر محترمہ کے ساتھ بنائی تو آپ کی تصویر کیمرے میں نہ آئی ۔ آپ نے بینظیر کو کہا کہ آپ وزیر اعظم بنے گی آپ نے محترمہ کو یا عزیز من قل یا عزیز پڑھنے کا کہا تو محترمہ پریشان ہو گئیں اور کہنے لگیں یہ تو ایک بزرگ خواب میں بڑی دیر سے مجھے پڑھنے کاکہہ رہے تھے۔ محترمہ نے آپ سے پوچھا کہ اس کو پڑھنے کے کیا کمالات ہوں گے آپ نے فرمایا کہ کوئی بندہ آپ کے سامنے بیٹھ کر آپ کی مخالفت نہیں کر سکتا جو آپ کہیں گی وہی مانیں گے آپ کی دعا کی بدولت محترمہ بے نظیر بھٹو وزیر اعظم پاکستان بن گئی۔محترمہ جب حلف اٹھانے گئیں تو آپ کو بھی آسمانی کلر کا سوٹ پہنا کر ساتھ لے کر گئیں اور حلف اٹھانے سے قبل آپ کے گھٹنوں کو ہاتھ لگا کر اجازت لے کر حلف اٹھایا جب محترمہ وزیر اعظم بننے کے بعد اپنی کرسی پر بیٹھیں تو محترمہ نے آپ سے پوچھا کہ شاہ صاحب آپ کو کیا چاہئے تو آپ نے کہا کہ آپ اپنی سیٹ سے اٹھیں محترمہ سمیت تمام کابینہ کھڑی ہوگئی آپ نے محترمہ سے کہا کہ میں نے کرسی پرجھولے لینے ہیں یہ بات سن کر وہا ں پر تمام لوگ ہنس پڑے آپ نے وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھ کر ایک چکر لگا کر کہا کہ محترمہ آپ ایک بار پھر وزیر اعظم بنیں گیں ۔عطاء رضاربانی (سابق وفاقی وزیر) نے کہا کہ محترمہ یہ کیا ہو رہا ہے آپ ایک مجذوب کی باتوں میں آکر اُلٹ پلٹ کام کررہی ہیں۔ محترمہ نے نارضگی کا اظہار کرتے ہوئے خاموش رہنے کی ہدایت کی ۔آپ نے کہا کہ محترمہ اس نے بد تمیزی کی ہے اب اس کو عہدہ مل گیا آئندہ اس کو کوئی عہدہ نہیں ملے گا۔
سابق امریکی صدر بل کلنٹن
کے صدر بننے کی پشین گوئی
آپ نے خواب میں دیکھا کہ ایک لفٹ ہینڈر شخص آرڈر کر رہا ہے اور وہ جو بھی آرڈر کرتا ہے اس پر تما م لوگ عمل درآمد کر رہے ہیں آپ کو CNNٹی وی پر بل کلنٹن نظر آیا ، بل کلنٹن اسوقت کسی پارٹی کا گورنر تھا آپ نے کلنٹن کو خط لکھا کہ تم امریکہ کے صدر بن جاؤگے اور تم نے 19جنوری کو حلف لیا تو دوسری مرتبہ بھی صدر بن جاؤگے اسی طرح ہی ہوا تقریب حلف برداری میں حکومت امریکہ نے آپ کو شرکت کرنے کے لیے دعوت نامہ بھیجا ۔
سابق صدرپاکستان
جنرل ضیاء الحق کی موت کی پیشنگوئی
16اگست 1988 ء کی بات ہے کہ آپ اپنے گاؤں ساہیوال گئے ہوئے تھے کہ وہاں عربی کے ٹیچرقاری غلام مصطفی ملے اس وقت آپ چشتیاں ہائی سکول لاہور میں پڑھتے تھے قاری غلام مصطفی نے آپ کو دیکھ کر کہا باؤ جی لاہور نہیں جانا صبح سکول کھل جائیں گے۔آپ نے فرمایا کہ قاری صاحب کل ضیاء الحق نے مر جانا ہے اور دو چھٹیاں ہو جانی ہیں آپ کو قاری صاحب نے پوچھا کہ ایسا کیسے ہوسکتاہے تو سید عرفان احمد شاہ نے فرمایا کہ اس نے اکیلا تھوڑا مرنا ہے بہت سارے لوگ مریں گے میں نے خواب میں دیکھا ہے ۔قاری صاحب نے یہ واقع تمام گاؤں والو ں کو بتایا ۔اور پھر اگلی صبح17اگست 1988کو جنرل ضیاء الحق طیارے کے حادثہ میں جان بحق ہو گئے جس میں امریکی سفیر آرنلڈ رافیل سمیت درجنوں فوجی حکام بھی خالق حقیقی سے جا ملے۔
والدہ محترمہ کی دُعا
آپ کی والد ہ محترمہ اکثر اللہ تعالی سے دعا کیا کرتی تھیں کی کہ اگر میرا بیٹا ہو ش میں آجائے تو تہجد پڑھ کر اس کے لیے اپنے ہاتھوں سے کھانا تیار کیا کرونگی اور باہر سے ایک لقمہ بھی نہیں کھائے گا۔ تیرہ سال بعد والدہ محترمہ کی دعا قبول ہوگئیں اور سید عرفان احمد شاہ عالم مجذ وبیت سے عالم سالک میں آگئے آپ فرماتے ہیں کہ حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ تعالیٰ نے اپنی والدہ کی خدمت کر کے صحابی رسول ﷺ کا مقام پایا ۔
بابا جی محمد علی مست سرکار سے ملاقات
بابا جی محمد علی مست سرکار اور عبدالغنی چشتی آپس میں گہرے دوست تھے آپ کے مرشد بابا عبدالغنی سرکار اکثر آ پ کو بابا محمد علی مست سرکار جو دربار پیر مکی کے پاس قبرستان میں بیٹھتے تھے ان کے پاس لے جاتے بابا جی مست محمد علی سرکار کسی کو بھی اپنے پاس نہیں بیٹھنے دیتے تھے بابا جی عبدالغنی سرکارنے بابا جی محمد علی مست سرکار سے کہا کہ یہ میرا شہزادہ ہے اسے پاس بیٹھنے دیں یہ سگریٹ نہیں پیتا ۔بابا جی محمد علی مست سرکار نے مرشد عبدالغنی سرکار کو کہا کہ تمہار ا شہزادہ ہے تو میرا معراج دین ہے اور پا س بیٹھنے کی اجازت دے دی۔
آپ کے مرشد عبدالغنی چشتی
سرکار کا دنیاسے پردہ کرنا
آپ کے مرشد عبدالغنی صاحب کی طبیعت اکثر خراب رہنے لگی اور آپ کو اکثر کہتے شہزادے تم ایبٹ آباد چلے جاؤ اگر میں لیٹ گیا تو تم نے آواز دی تو مجھے اٹھنا پڑ ھ جائے گا اور دونوں تماشابن جائیں گے ۔اللہ کے حکم کو پوری طرح ماننا چاہیے ایک دن بابا جی عبدالغنی نے سختی سے کہا کہ تم ایبٹ آباد چلے جاؤ آپ مرشد کا حکم مانتے ہوئے ایبٹ آباد چلے گئے ۔ دن گیارہ بجے کے قریب آپ کو ایسا محسوس ہوا جیسے دل سے کوئی چیز نکل گئی ہے آپ واپس لاہو ر میں آئے تو پتہ چلا کہ آپ کے مرشد با با جی عبدالغنی سرکار پردہ فرماگئے ہیں اس وقت آپ کو مرشد کی بات سمجھ میں آگئی زندگی میں ہی محمد علی مست سرکار نے بابا عبدالغنی چشتی سرکار کو غسل دیااور تھوڑی دیر بعد ہی بابا جی عبدالغنی چشتی سرکار کی روح خالق حقیقی سے جا ملی ۔
بابا جی محمد یوسف سائیں سے ملاقات
اکثر آپ کی ملاقات بابا جی محمد یوسف سائیں سے ہوتی جو پیر مکی میں بیٹھا کرتے تھے آپ سے بے حد پیار کرتے تھے باباجی یوسف سائیں دیسی مرغ کی یخنی اور دیسی انڈے پسند کیا کرتے تھے جب بھی آپ یخنی لے کر جاتے تو بابا یوسف سائیں ایک گھونٹ لے کر بقایا دوسروں کو دے دیتے ایک دن آپ وہاں تشریف فرما تھے کہ بابا محمد یوسف سائیں نے ایک بڑا کیل لے کر ہتھوری کے ساتھ اپنے پاؤں کے انگوٹھے کے پاس ٹھوکنا شروع کر دیا اور پاؤں کو زور سے کھینچا جس سے خون کا فوارہ نکل پڑا جس سے آپ پریشان ہو گئے اور بابا جی سے فرمایا میں کمزور دل کا آدمی ہوں میرے سامنے آئندہ ایسا نہ کریں آپ جب اگلی صبح گئے تو باباجی محمد یوسف سائیں کے پاؤں کا زخم بالکل ٹھیک تھا ۔
پیر صابر علی شاہ سے ملاقات
پیر سید صابر علی شاہ سابق وزیراعلیٰ سرحد سے پاکستان انٹر نیشنل یونیورسٹی TIUگلبرگ میں ملاقات ہوئی اس وقت حکومت نے ایٹمی دھماکے کرنے تھے آپ نے فرمایا کہ حکومت کو 27یا 29کو دھماکے کرنے چاہیں لیکن حکومت نے 28مئی 1999 ء کو دھماکے کئے آپ نے پیرصابر علی شاہ کو فرمایا کہ میں عصر کی نماز پڑھ رہا ہونگا تو حکومت ختم ہو جائے گی ، پیرصابر علی شاہ نے کہا کہ ہم نے ایٹمی دھماکے کیے ہیں ہماری حکومت کیسے ختم ہو سکتی ہے آپ عمرہ کرنے سعودی عرب چلے گئے جب واپس آئے تو 12نومبر1999 ء کو حکومت ختم ہو گئی تھی۔قاضی آصف، محمد علی شاہ سابق ایم ایل اے بھی اس بات کے گواہ ہیں کہ جیسا آپ نے کہا ویسا ہی ہوا ۔
پرویز نام کے بارے میں تحقیق
جن دنوں پرویز مشرف چیف ایگزیکٹو بنے تو آپ نے پرویز نام کی تحقیق شروع کر دی کیونکہ آپ کے مطابق پرویز نام گستاخ اورناپسند دیدہ سمجھا جاتا ہے جس چیز کو ا للہ اور اس کے رسول ﷺ نے ناپسند فرمایاہے وہ نام رکھنا درست نہیں ہے اس نام کی خاصیت یہ ہے کہ یہ جہاں بھی جائے گا اسے ٹکڑوں میں تقسیم کر دیگااسی طرح پرویز مشرف نے ضلعی حکومتوں کا نظام متعارف کر کے ملک کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کر دیاتھا آپ ایک بہت بڑے عالم دین جو لوہاری گیٹ لاہورکے قریب مقیم اوروہاں درس و تدریس کا کام بھی کرتے تھے آپ نے پرویز نام کے بارے میں اُن سے پوچھا میں جاننا چاہتا ہوں کہ پرویز نام کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے عالم دین نے کہاکے پرویز نام رکھنا ناجائز نہیں ہے جس طرح طلاق ناپسند ہے لیکن جائز ہے ۔اسی طرح پرویز نام رکھا جا سکتا ہے اس میں کوئی قباحت نہیں ہے آپ نے فرمایا کہ پرویز اسم ہے اور طلاق فعل ہے آپ اسم کی بات کر یں ۔ وہ عالم دین بضد رہے کہ پرویز نام ٹھیک ہے آپ نے فرمایا کہ آپ بڑے عالم دین ہیں میں آپ سے بحث نہیں کر سکتا میں غلط ہو ں تو میں مر جا ؤ ں آپ غلط ہیں تو آپ مر جائیں ۔ جب آپ وہاں سے اٹھے تو عالم دین نے آپ کے پیچھے اپنے شاگردوں کو بلانے کے لیے بھیجا لیکن آپ جا چکے تھے ۔ قصہ مختصر وہ عالم دین چند دنوں بعد پردہ کر گیا ۔
ناپاک نظریں اورلقمہ حلال
آپ اپنے مرشد عبدالغنی چشتی سر کار کے لیے میٹھی روٹیاں پکا کر لاتے اور کچھ روٹیاں بڑی مزید دار ہو تیں اور کچھ روٹیاں کھائی نہ جاتیں عبدالغنی چشتی سرکار فرماتے ہیں جس طرح جسم ناپاک ہو تا ہے اس طرح نظریں بھی ناپا ک ہوتیں ہیں لقمہ حلال کا ہونا بہت ضروری ہے لقمہ حلال کا ہو گاتو اس میں تاثیر ہوگی حرام لقمہ کھانے سے چالیس دن کی عبادت و ریاضت قبو ل نہیں ہوتی ۔لقمہ کا بڑا خیا ل رکھنا چاہیے ۔اللہ اور اس کے رسول ؐ کا حکم ہے کہ جس چیز سے کراہت آئے اس سے پرہیز کرنا چاہئے ۔ناک میں انگلی مار کر آپ منہ میں نہیں مار سکتے۔آپ کے بزرگوں نے آپ کو برائلر (چکن) بچپن سے ہی نہ کھانے دیا آپ کو بزرگوں نے بتایا کہ برائلر چکن مکروہ کے زمرے میں آتا ہے کالے مشروب(بوتل) کے متعلق آپ فرماتے ہیں کہ چودہ سو سال پہلے حضور پاک ﷺ نے فرمایا کہ پانی وہ پیو جس کی تہہ نظر آئے تہہ نظر نہ آئے تو پتہ ہونا چاہئے کہ کس پھل کا جوس ہے کالے مشروب (بوتل)کے بارے میں کوئی نہیں جانتا کہ یہ کس پھل کا مشروب ہے ۔ اسی طرح چینی( شوگر) کے بارے میں بھی آپ فرماتے ہیں کہ چینی کو سفید کرنے کے لےئے جو چیزیں ڈالی جاتی ہیں وہ صحت کے لیے مضر ہے اس سے بھی پرہیز کرنا چاہیے اور اس کے متبادل گڑ (براؤن شوگر)کا استعمال کرنا چاہے تاکہ لوگوں کی دعائیں قبول ہوسکیں ۔
سودی نظام کے خاتمے کا میاں محمد شریف کا وعدہ
سودی نظام پر میاں نواز شریف وزیر اعظم پاکستان کے والد میاں محمد شریف نے محمد رفیق باجوہ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی موجودگی میں آپ سے وعدہ کیا تھا کہ اگر دوبارہ ہماری حکومت آگئی تو ملک سے سودی نظام ختم کر دینگے ۔لیکن دوبارہ حکومت ملنے کے باوجودایسا نہ ہوا جس سے آپ میاں محمد شریف سے ناراض ہوگئے۔آپ کا فرمان ہے اگر ملک سے سودی نظام ختم ہو جائے تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے اور ملک امن کا گہوارہ بن جائے گا۔ سودی نظام اللہ اور اس کے رسول کے خلاف کھلی جنگ ہے ۔سود میں فلاح نہیں بلکہ صرف اور صرف رسوائی ہے ہم ایٹمی طاقت بن کر بھی ذلیل و خوار ہو رہے ہیں ۔سود کا خاتمہ ممکن ہے درجنوں لوگوں کو زکوٰۃ دینے کی بجائے ایک شخص کو زکوٰۃ دی جائے تاکہ وہ اپنا کاروبا ر شروع کر لیں اسی طرح دوسرے بندے کو بھی کاروبار کے لیے زکوٰۃ دیں تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے۔
ڈاکٹر کا مردے کو زندہ دیکھ کر دماغی توازن کھو دینا
سرگودھا بھلوال کے قریب گاؤں 49 ٹیل میں پیر ظہور قادری اعوان المعروف سرکار جی کا آستانہ فضل ہے ان کے عقیدت مندوں میں رانا دلشاد قادری جو بھلوال کے نوائے وقت کے رپورٹر اور خالد نعیمی جو گورنمنٹ ہائی سکول بھلوال کے سنےئر ہیڈ ماسٹر ہیں وہ آپ کے پاس آئے اور کہا ہمارے سرکار جی کسی سے گفتگو نہیں کرتے ہم نے انہیں آپ کی تیرہ سالہ مستی و مجذوبی حالت کے بارے میں بتا یا انہوں نے آپ سے ملنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔آپ ہمارے ساتھ چلیں اور ہمارے سرکا ر جی سے ملاقات کریں آپ ان کے اصرار پر بھلوال سرکار جی سے ملنے چلے گئے سرکار جی نے آپ کو دیکھتے ہی گفتگو شروع کر دی ۔یہ دیکھ کر رانا دلشاد اور خالد نعیمی حیران رہ گئے ۔ آپ سے ایک راز کی بات پوچھی آپ نے فرمایا کہ اگر میں نے سوال کا جواب دے دیا تو سرکار جی ناراض ہو جائیں گے۔جس پر خالد نعیمی نے اسرار کیا کہ آپ جواب دیں سرکار جی ناراض نہیں ہوں گے۔آپ کا جواب سن کر پیر سرکارجی ناراض ہوگئے ۔خالد نعیمی نے پوچھاتو سرکار جی نے کہاجواب تو ٹھیک ہے لیکن میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اتنا چھوٹا لڑکا میرے سوال کا جواب دے گا۔ کچھ عرصہ بعد آ پ کو خالد نعیمی کا فون آیا کہ گھر میں ہمارا فیملی مسلہ ہے آپ بھلوال تشریف لا کر دیکھیں اورمسلہ حل کروادیں۔آپ نے فرمایا کہ آپ کے پیر سرکار جی ہیں میں ان سے جھگڑا مول نہیں لے سکتالیکن خالد نعیمی کے اصرار پر آپ نے بھلوال جا نے کا وعدہ کرلیا آپ اپنے چھوٹے بھائی نادر کو ساتھ لے کر بابا جی محمد علی مست سرکار سے اجازت لینے کے لیے گئے اور اجازت طلب کی تو بابا جی محمد علی مست سرکار نے فرمایا کہ معراج دین ہم اللہ کے حکم سے مردے میں بھی جان ڈال دیتے ہیں میں نے کہا کہ بابا جی میں کب انکار کر رہا ہوںآپ اجاز ت لے کربھلوال گئے اور وہاں خالد نعیمی کی فیملی کا مسلہ حل کروا دیا دوران گفت و شنید خالد نعیمی سے آپ نے پوچھا کہ آپ کے سرکار جی کے پاس موکلات ہیں تو خالد نعیمی نے بتایا کہ ہمارے سرکار جی کے پاس بے انتہا ء علم ہے جب آپ واپس بھلوال کے پاس لیانی شیخ اعوان اڈے پر پہنچے کہ ایک ٹرک نے آپ کی گاڑی کو کراس کیا ایک شخص اچانک آپ کی گاڑی سے ٹکرایا سامنے دیہی مرکز صحت میں مریض کو اٹھا کر لے گئے ڈاکٹر نے مریض کو چیک کرنے کے بعد موت کی تصدیق کر دی آپ کو یاد آیا کہ بابا جی محمد علی مست سرکار فرماتے تھے کہ معراج دین ہم اللہ کے حکم سے مردے میں بھی جان ڈال دیتے ہیں آپ ڈاکٹر کے پاس گئے اور اس سے کہا کہ مریض کو دوبارہ چیک کرو! ڈاکٹر نے کہاکہ میں سینئر ڈاکٹر ہوں اور بڑی ذمہ داری سے مریض کو چیک کیا ہے اوراس کا منکا ٹوٹ چکا ہے جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو چکی ہے آپ ڈاکٹر سے بات کرہی رہے تھے کہ مریض خود چل کر ڈاکٹر کے پاس آکر کہنے لگا کہ ڈاکٹر صاحب میں تو زندہ ہوں تم نے مجھے مار دیا ہے جیسے ہی ڈاکٹر نے مریض کی طرف دیکھا تو ڈاکٹر گر کر بیہوش ہو گیا اور دماغی توازن کھو بیٹھا ۔
سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی
کو وزیراعظم بننے کی پیشنگوئی
کرنل عبدالغفور ڈوگر اکثرآپ سے ملنے آیا کرتے تھے ایک دن آپ نے فرمایا کرنل صاحب عزت ،ذلت اور دولت اللہ کے ہاتھ میں ہے اور عہدے بزرگ اولیا ء کرام بانٹتے ہیں کرنل صاحب نے آپ سے پوچھنا شروع کر دیا کہ آپ بتائیں کہ آئندہ وزیر اعظم کو ن ہوگا۔آپ نے فرمایا کہ میں بزرگ نہیں ہوں ۔لیکن کرنل بضد رہااورروزانہ فون کرنا شروع کر دیا اور وہی سوال بار بار دہراتا کہ کون وزیر اعظم بنے گا۔میرے روکنے پر وہ کہتا کہ اب آپ اپنی بات سے مکر جائیں تو میں آپ سے نہیں پوچھوں گا۔ ایک دن آپ بابا جی محمد علی مست سرکار کے پاس گئے تو آپ کو بابا جی نے کہا معراج دین جس کو چاہوں وزیر اعظم بنا دو۔ ان دنوں آپ نے بینظیر بھٹو سے رابطہ کرنے کی کوشش کی اور میل بھی کی لیکن کوئی جواب نہ ملا کچھ جاننے والوں نے آپ سے کہا کہ آپ کے ماموں انتظار حسین ولی اڑیالہ جیل میں سپریٹنڈنٹ ہے اور وہاں سید یوسف رضا گیلانی سزا کاٹ رہا ہے اگر آ پ نے وزیراعظم بنانا ہے تو سید زادے کو وزیراعظم بنا دیں آپ نے کرنل غفور کو فون کیا کہ آؤ اڑیالہ جیل چلناہے وہاں جا کر یوسف رضا گیلا نی کو وزیر اعظم بنانا ہے۔کرنل نے کہا میں آرمی (انٹیلی جنس)کا آدمی ہوں جیل میں نہیں جاؤں گا۔ سپریٹنڈنٹ جیل کی رہائش گاہ پر ہی رہوں گا۔آپ نے سپریٹنڈنٹ جیل انتظار حسین ولی اور دیگر لوگوں کی موجودگی میں جو اس بات کے گواہ ہیں سید یوسف رضاگیلانی سے ملے اوراس نے روتے ہوئے شکوہ کیا کہ جسٹس افتخار حسین چوہدری نے اسی کیس میں مجھے سزادی اور سلیم سیف اللہ کو بری کر دیا ہے آپ نے سید یوسف رضا گیلانی سے پوچھا کہ روزہ توڑنا ہے یاکھولنا ہے، سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں نے روزہ کھولنا ہے تو آپ نے فرمایا کہ آئندہ تم اللہ کے حکم سے وزیر اعظم پاکستان بنو گے جس پر اس نے رونا شروع کر دیا آپ نے کرنل غفور کو بتایا کہ آئندہ وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی ہوگا۔ تو وہ کہنے لگا کہ میں کوئی سپاہی نہیں ہو ں کرنل ہوں مجھے آپ بے وقوف نہ بنائیں سید یوسف رضا گیلانی تو خواب میں بھی وزیر اعظم نہیں بن سکتا وہ تو جیل میں ہے اور محترمہ حیات ہیں ۔اس کے بعد محترمہ شہید ہوگئیں اور یوسف رضاگیلانی وزیر اعظم بن گئے ۔ڈیفنس میں رےئس حبیب احمد کی رہائشگاہ پر سید یوسف رضاگیلانی نے آپ سے ملاقات سے انکار کر دیا وجہ پوچھنے پراُس نے بتایا کہ مجھے عاملوں نے کہا ہے کہ کسی بھی مست مجذوب سے ملے تو تمہاری حکومت ختم ہو جائے گی اس کے بعد آپ نے فرمایا کہ آئندہ یوسف رضاگیلانی کسی بھی سیٹ کے لیے اہل نہ رہے گا۔ اسی طرح ہی ہوا سپریم کورٹ نے وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دے دیا۔
سید سلامت علی شاہ المعروف
چھتری والی سرکار سے گفتگو
ایک فوجی آفیسر آپ کے پاس آیا اور آپ سے کہنے لگا کہ میں نے سنا ہے کہ آپ کو کثف قبور کا علم حاصل ہے آپ نے فرمایا کہ مجھے کثف قبور کا پتہ نہیں لیکن میں جہاں بھی صاحب مزارکے پاس جاتا ہوں تو میرے کان میں آواز سنائی دیتی ہے تو اس نے کہا کچھ تو ہوتا ہے میں سید سلامت علی شاہ المعروف بابا چھتری والے کے بارے میں جاننا چاہتا ہوں بابا جی چھتری والے دنیا میں گندی حالت میں رہتے تھے وہ کبھی صفائی کا خیا ل نہیں رکھتے تھے اب ان کی ہڈیاں بھی گل چکی ہوں گی آپ نے اس کے جواب میں فرمایا کہ بزرگوں کے متعلق ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے حضرت ایوب علیہ سلام کے جسم مبارک میں آزمایشی طور پر اللہ رب العزت کے حکم سے کیڑے پڑھ گے تھے یہ سن کر وہ خامو ش ہو گئے آپ نے جب سید سلامت علی شاہ کے مزار پر جا کر ان سے گفتگو کی تو کان میں آواز آئی کہ میرے پاؤں کا انگوٹھا چوہا کھا گیا تھا۔میں نے چوہے کو کچھ نہیں کہا تھا جب آپ نے یہ بات اس فوجی آفیسر کو بتائی تو وہاں ایک بزرگ جو مزار پر بیٹھا ہوا تھا وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے فوراً بول اٹھا اس وقت میں باباجی کے ساتھ تھا جب زندہ حالت میں بابا جی کا انگوٹھا چوہا کھا گیا تھا تو ہم پورا مہینہ باباجی کے انگوٹھے کی پٹیاں کرتے رہے تھے۔بابا جی چھتری والے سرکار کا چھتیس سال بعد قبر مبارک سے جب جسدخاکی نکالا تو آپ کا کفن تک میلا نہ ہوا تھا دوبارہ بابا جی کو گاؤشالہ قبرستان نزد دریائے راوی لاہورمیں دوبارہ سپرد خاک کرنے سے پہلے لاکھوں لوگوں نے ان کا دیدار کیا ۔
پیر سعید میاں شاہ کے آستانے پر امامت
اسٹیشن کے قریب میاں سید حضورسعید شاہ کا آستانہ ہے ان کے حوالے سے اکثر بابا واحد آپ کے پاس آتے تھے ہم نے سنا تھا کہ ان کے بزرگوں کی جائے نماز پر کوئی امامت نہیں کروا سکتا آج تک دو اشخاص صوفی تبسم علی اور سید کرامت علی نے بزرگوں کی جائے نماز پر امامت کروائی تو وہ چند دنوں بعد ہی دنیا سے پردہ فرما گئے ۔ آپ بابا واحد کے ساتھ سعید میاں حضور شاہ کے آستانے پر گئے سعید میاں حضور شاہ نے اپنے بزرگوں کی جائے نماز کو منگوا کر بچھوائی اور آپ کو امامت کروانے کے لیے کہا وہاں پر موجود سارے لوگ پریشان ہو گئے دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے سعید میاں حضورشاہ کے آستانے پر آپ نے نماز مغرب کی امامت کروائی سعید میاں حضورشاہ بڑے خوش ہوئے اور انہوں نے کہا کوئی تو ہے جو ہمارے بزرگوں کی جائے نماز پر امامت کروانے والا ہے آپ کو سعید میاں حضورشاہ نے دو سیب منگوا کر دیے اور ڈھیروں دعائیں دے کر رخصت کیا ۔
بچے کے سر پر زخم کا نشان نہ ہونا
ڈاکٹر محمود اختر ملک جو کہ چونیاں تحصیل ہسپتال میں ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنت ہیں آپ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ گھر سے ڈاکٹر صا حب کی بیوی کا فون آیا کہ چھوٹے بیٹے نے بڑے بیٹے کے سر میں خم خیر (بڑا چمچ)مار کر شدید زخمی کر دیا ہے اور بیٹا خون میں لت پت ہو گیا ہے فوری طور پر گھر پہنچیں اس وقت آپ کی کیفیت بدلی ہوئی تھی آپ نے ڈاکٹر صاحب سے فرمایا کہ آپ پریشان نہ ہوں بچے کو کچھ نہیں ہوگا جب ڈاکٹر صا حب گھر پہنچے تو بیٹے کو خون میں لت پت پایالیکن بیٹے کے سرپر کسی قسم کا کوئی زخم یا نشان نہ تھا جبکہ خم خیر(بڑا چمچ) بھی خون آلودہ تھا۔
اقبال سائیں المعروف
محبت سائیں کا نظر سے درخت کو ہلانا
محمد اقبال سائیں المعروف محبت سائیں چھتیس سال سے دریائے راوی لاہور کے کنارے بیٹھے ریاضت کررہے تھے اور روحانی علم کی بدولت نظر سے بہت بڑے درخت کو ہلا دیتے تھے تو محبت سائیں کا یہ درخت ہلانے کا عمل دیکھنے کے لیے روزانہ سینکڑوں لو گ دریا کے کنارے جایا کرتے تھے کچھ صحافیوں کے ساتھ آ پ دریائے راوی کے کنارے درخت ہلنے کا عمل دیکھنے چلے گئے جیسے ہی محبت سائیں نے آپ کو دیکھا تو آپ کے پاؤں پڑ گیا اور بعد میں آپ کی بیعت کر لی۔
ڈاکٹر کا ہاتھ ملاتے ہی کرنٹ لگنا
ڈاکٹر رانا محمد بشیر سبزازار لاہور کے رہائشی تھے آپ کے پاس آئے اور کہا کہ میں نے پورا برصغیر پھرا ہوا ہے اور بڑے بڑے بزرگوں سے ملا ہوں کسی میں مجھے آج تک کوئی کرنٹ نظر نہیں آیا اسوقت آپ کی کیفیت بدلی ہوئی تھی آپ سے ہاتھ ملایا تو ایسا کرنٹ لگا کہ گر گیا اور منہ سے جھاگ نکلنی شروع ہو گئی ہوش میں آنے کے بعد ڈاکٹر صاحب نے آپ کے ہاتھ پر بیعت کر لی بابا عبدالواحد ، محمد اسحاق قریشی اور کافی لوگ اس بات کے گواہ موجود ہیں۔
حضرت خواجہ اُویس قرنیؒ کے آستانے کے لئے جگہ
آپ کو اکثر خواب میں بزرگ ملتے اور آپ کو فرماتے کہ آپ نے لاہور کے قریب رنگ پور جنوں والی جگہ کے پاس آستانہ بناناہے آپ قصور جیل میں انتظار حسین ولی سپرنٹنڈنٹ جیل اور کافی لوگوں کے ساتھ تشریف فرما تھے کہ ایک مخبوط الحواس شخص آیا ا س نے آکر آپ سے پوچھا رنگ پور جنوں والی مسجد کے پاس رقبہ لینا ہے تو آپ نے کہا ہاں لینا ہے تو اس نے کہا کہ پیسے دیں تو آپ نے اکیس ہزار روپے اور ویزٹنگ کارڈ نکال کر اس شخص کو دے دیے اور وہ شخص چلا گیا تھوڑی دیر بعد آپ نے وہاں بیٹھے ہوئے اشخاص سے پوچھا کہ یہ کو ن شخص تھا تمام لوگوں نے انکار کر دیا کہ ہم اسے نہیں جانتے آپ کے پاس آیا تھا ہم نے سمجھا کہ آپ کے جاننے والاہے دوماہ بعد کسی شخص کو فون آیا کہ میں نے فرد لے لی ہے آپ بقایا پیسوں کا بندوبست کریں اور رجسٹری کروالیں جب وہ لوگ رجسٹری کے لیے فرد لے کر آئے تو بندہ اور تھا جس کو آپ نے پیسے دیے تھے اور رجسٹری کرواکر دینے والا اور شخص تھا ۔اس بات کی سمجھ آپ کو آج تک نہ آئی ۔بزرگوں کی ہدایت کے مطابق رنگ پورنزد جنوں والی مسجد پیرو والا روڈ قصور کے قریب جگہ خرید کر آپ نے حضرت خواجہ اویس قر نی کا آستانہ بنایا اور وہاں قرب و جوار میں رہائش پذیر محمد یوسف ، اصغر علی ، محمد رفیع اور دیگر لوگوں نے فون کر کے آپ کو بتایا کہ رات دو بجے کے قریب آستانے پر نورانی لائیٹ آتی ہے جس سے ہم بہت حیرت زدہ ہو جاتے ہیں تو آپ نے فرمایا کہ آستانہ اویسیہ پر نورانی لائیٹ جن لوگوں نے دیکھی ہے ان سے پوچھیں۔یہ حضرت خواجہ اویس قرنی اور بزرگوں کی کرامت ہے ۔
سابق آئی جی پنجاب
حاجی حبیب الرحمٰن سے ملاقات
سابق آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمان اس وقت ایڈیشنل آئی جی پنجاب تھے انہوں نے آپ کو فون کیا کہ میں آپ سے ملنا چاہتا ہوں آپ نے فرمایا کہ اکثرمیری کیفیت بدل جاتی ہے اور میں پولیس اور سب لوگوں کو گالیاں دینا شروع کر دیتا ہوں اس پر انہوں نے کہا کہ آپ جتنی مرضی گالیاں دیں میں ناراض نہیں ہو ں گا۔حاجی حبیب الرحمان نے ایک دن آپ سے پوچھا کہ میں آئی جی پنجاب بن جاؤں گا۔ آپ نے فرمایا کہ بن جاؤ گے تو حاجی حبیب الرحمان آئی جی پنجاب بنے اور وہ مسلسل رابطے میں رہے اور ان کے گھر روح پرور ہر ماہ چاند کی پہلی جمعرات کو محفل میلاد منعقد ہوتی ہے ۔جس میں عاشقانِ رسول کثیر تعداد میں تشریف لاتے ہیں۔
شہد کی مکھی کا آپ کے چہرہ مبارک کا بوسہ لینا
بارہ ربیع الاول14جنوری 2014 ء کو آستانہ اویسیہ میں میلاد شریف کے انعقاد سے قبل میں ہمراہ سید مجاہد حسین چشتی ، آصف محمود چشتی ، چوہدری ریاست علی ایڈووکیٹ ،محمد اصغر ایڈووکیٹ آپ کے ساتھ کھڑے گفتگو کر رہے تھے کہ اچانک ایک شہد کی مکھی نے آپ کے گرد چکر لگانا شروع کر دیا تھوڑی دیر بعد شہد کی مکھی آپ کے کالر پر آکر بیٹھ گئی میں نے اپنی انگلی سے شہد کی مکھی کو اس غرض سے اڑا دیا کہیں وہ آپ کو کاٹ نہ لے جیسے ہی مکھی اڑی اس نے پھر چکر لگا نا شروع کر دیا آپ نے فرمایا یہ شہد کی مکھی مجھے چھوئے بغیر نہیں جائے گی ہم تمام دوست حیرت سے دیکھ رہے تھے تھوڑی دیر کے بعد شہد کی مکھی آپ کے سر کا چکر لگانے کے بعد پھر اسی جگہ کالر پر بیٹھ گئی اور وہاں سے اڑ کر آپ کے ہونٹوں کا بوسہ لے کر اڑگئی۔
بولن نالوں چپ چنگی چپ وچ لکھاں پردے
شاہ منصور چپ جے رہندے کاہنوں سولی چڑہدے