مقبوضہ کشمیر میں الیکشن کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے، مشعال ملک

Sep 29, 2024 | 06:58 PM

  اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارتی قوم پرست قابض حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں الیکشن کا ڈرامہ  رچا رہی ہے اور الیکشن کی مانیٹرنگ کے لیے جو مبصرین موجود ہیں وہ بھی ایک ڈرامہ ہیں۔

اسلام آباد میں مشعال ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں الیکشن کا ڈرامہ  رچایا جا رہا ہے، جو کشمیریوں کا الیکشن میں ٹرن آؤٹ دکھا رہے ہیں وہ پہلے کی نسبت بہت کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ سے زیادہ بھارتی فوج تعینات ہے، 15 ممالک کے ڈپلومیٹس کو بلایا گیا ہے، کشمیر میں الیکشن کی مانیٹرنگ کے لیے جو مبصرین موجود ہیں وہ بھی ایک ڈرامہ ہے، ایسے الیکشن جو ہر چند سال بعد ہوتے ہیں کشمیریوں نے کبھی اس میں حصہ نہیں لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنے بھی امیدوار ہیں وہ بھارت نے پلانٹ کیے ہوئے ہیں، امیدوار کشمیریوں کے گھر جا کر کہہ رہے ہم یاسین ملک کو آزاد کرائیں گے، کشمیری ان کے لیے اپنے دروازے نہیں کھول رہے ہیں۔

مشعال ملک نے کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق ہی ٹریٹ کیا جائے، جس طرح فلسطین میں حالات چل رہے ہیں ویسے ہی کشمیر میں ہیں، کشمیر کا لال چوک آزادی کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی سٹیٹ سپانسرڈ دہشت گردی کشمیر میں ہورہی ہے، بابری مسجد گرا کر وہاں مندر بنایا گیا ہے، آر ایس ایس بم بنانے کی فیکٹری ہے۔ مقبوضہ کشمیر کو قبرستان بنا دیا گیا ہے، یاسین ملک کو انڈیا پھانسی گھاٹ چڑھانا چاہتا ہے، اقوام متحدہ میں کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا ہے، پورا جنوبی ایشیاء اس جنگ کی زد میں ہے۔

مزیدخبریں