’موٹر سائیکل پر بیوی کے ساتھ سوار تھا کہ اچانک بیوی نے گردن پر بلیڈ چلا دیا‘

Dec 30, 2024 | 02:25 PM

کراچی (ویب ڈیسک) بلوچ کالونی میں گھریلو ناچاکی پر بیوی نے اپنے شوہر کی گردن پر چھری پھیر دی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلوچ کالونی میں بیوی نے شوہر کی گردن پر تیز دھار آلہ پھیر دیا تھا، کیس کا مقدمہ بلوچ کالونی تھانے میں شوہر کی مدعیت میں اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق شوہر نے بتایا کہ میں موٹر سائیکل پر بیوی کے ساتھ سوار تھا کہ اچانک بیوی نے گردن پر بلیڈ چلا دیا، مجھے بلیڈ مارنے کے بعد میری بیوی نے خود کو بلیڈ سے مارنے کی کوشش کی۔

شوہر نے بتایا کہ ہم دونوں میاں بیوی میں دوسری شادی کے حوالے سے جھڑپیں چل رہی تھیں، میری بیوی نے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی۔

پولیس نے بلیڈ سے حملہ کرنے والی خاتون کوگرفتار کرکے ویمن تھانے منتقل کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق شوہر کو زخمی کرنے کے بعد خاتون نے خودکشی کرنے کے لئے اپنا گلا بھی کاٹ لیا تھا، جس کے بعد دونوں کو زخمی حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ شوہر دوسری شادی کرنا چاہتا تھا جس پر جھگڑا ہوگیا ، دونوں کے درمیان اس سے قبل بھی دوسری شادی کے تنازعہ پر جھگڑے ہوچکے ہیں، واقعہ کی مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

علاوہ ازیں لاہورکے قریب مرید کے میں دوستی نہ کرنے پر ملزم نے 5 بچوں کی ماں کی شہہ رگ کاٹ کر قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق 30 سالہ تہمینہ کو ملزم فیاض عرف فوجی نے ناجائز تعلقات استوار نہ کرنے پر گھر میں داخل ہو کر اس کی شہہ رگ کاٹ دی۔

مقتولہ کے باپ عبدالحمید کی درخواست پر ملزم فیاض عرف فوجی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ہے جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال مرید کے منتقل کردیا گیا۔

مزیدخبریں