ہم کل بھی مدارس کے چوکیدار تھے اور آئندہ بھی رہیں گے:علامہ طاہرمحمود اشرفی

Dec 30, 2024 | 07:30 PM

اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن )چیئرمین پاکستان علماءکونسل علامہ طاہر  محموداشرفی کا کہنا ہے کہ ہم کل بھی مدارس کے چوکیدار تھے اور آج بھی ہیں جبکہ آئندہ بھی رہیں گے
 اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرڈیننس کے تحت ڈی جی آر ای کے نظام کو سب نے تسلیم کر لیا ہے ، ملک بھر میں 18 ہزارسے زائد مدارس کی رجسٹریشن ہوچکی ہے، مدارس کی رجسٹریشن اہم قدم ہے ، اگر کسی نے وزارت تعلیم کےساتھ نہیں جانا وہ نہ جائے۔
مدارس رجسٹریشن آرڈیننس کے تحت وزارت تعلیم اور صنعت و تجارت دونوں میں سے کسی بھی وزارت میں مدارس کی رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم سے بھی مدارس کی رجسٹریشن جاری ہے۔ وزارت تعلیم سے رجسٹریشن کو سب نے تسلیم کیا ہوا ہے۔
دونوں نقطہ نظر کو اس آرڈیننس میں تسلیم کیا گیا ہے۔ جو وزارت صنعت کے ساتھ جانا چاہتے ہیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں، ہم کل اور آئندہ بھی مدارس کے چوکیدار رہیں گے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل نے پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ پارا چنارکے حالات پرپورا ملک پریشان ہے۔ مسائل کا حل طاقت سے نہیں مذاکرات سے ہوتا ہے۔ہم سب پاکستانی ہیں۔ ہم کوشش کررہے ہیں، اگرضرورت پڑی تو پارا چنارجانے کیلئے تیار ہیں۔ ہم سب پاکستانی۔آیئے پاکستان زندہ باد کہتے ہوئے مسئلہ حل کریں۔  زمین کے تنازعے کو بات چیت سے حل کیا جائے اور خیبرپختونخوا حکومت سے گزارش ہے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ادویات نہ ملنے سے اموات ہو رہی ہیں یا لوگ پریشان ہیں تو یہ ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہئے۔تمام اکابرین سے کہتا ہوں تلخیوں کے بجائے صبر سے کام لیا جائے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی سمیت جہاں راستے بند ہیں اور لوگوں کی مشکلات کا خیال کرنا چاہئے۔ پاکستان کے لوگوں کیلئے کوشش کریں تاکہ اس صورتحال سے باہر نکلا جائے۔ملک کی خاطر آپس کے اختلافات کو ختم کرنا ہوگا۔ بات چیت سے تمام مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔ ہم تمام فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھائی چارے کی فضاءکیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

مزیدخبریں