دنیا میں سب سے زیادہ سونا کس ملک کی خواتین کے پاس ہے؟ 

Dec 31, 2024 | 03:29 PM

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن)سونا پہننے کا شوق تمام ہی خواتین کو ہوتا ہے، شادی بیاہ کی تقریبات، دعوتوں، اور مختلف ایونٹس میں خواتین گولڈ لازمی پہنتی ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں سب سے زیادہ سونا کس ملک کی خواتین کے پاس ہے؟

آکسفورڈ گولڈ گروپ کی ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ سونا انڈیا کی خواتین کے پاس موجود ہے جو کہ 5 ممالک کے مشترکہ سونے سے بھی زیادہ ہے۔

بھارتی ویب سائٹ نیوز 18 کے مطابق جنوبی بھارت سونے کا ایک بڑا مرکز ہے جس کی خواتین کے پاس ہندوستان کے سونے کے کُل ذخائر کا 40 فیصد حصہ موجود ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہندوستانی خواتین کے پاس دنیا کا 11 فیصد سونا پایا جاتا ہے کہ جو کہ 24 ہزار میٹرک ٹن بنتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا کے پاس 8 ہزار 133 ٹن، جرمنی کے پاس 3,362 ٹن، اٹلی کے پاس2,451 ٹن، فرانس کے پاس 2,436 ٹن اور روس کے پاس 2,298 ٹن سونا ہے جبکہ ان سب ممالک کا سونا ملا کر بھی اگر دیکھا جائے تو بھارتی خواتین ان ممالک کے مشترکہ سونے سے بھی کئی گنا زیادہ سونے کے مالکن ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی ہندوستان کی ریاست تمل ناڈو کے پاس بھارت کا 28 فیصد سونا موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارتی خواتین کی جانب سے استعمال کیے جانے والے سونے کا یہ ذخیرہ بھارت کی جی ڈی پی کا 40 فیصد بنتا ہے۔

مزیدخبریں