جلد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج آب و تاب سے طلوع ہوگا: مریم نواز
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ 5 جنوری 1949 کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرائے۔کشمیری بہن بھائی کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم اور بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔
یوم حق خود ارادیت پر کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نوازنے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم حق خود ارادیت مظلوم کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔پاکستان مقبوضہ کشمیر کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ حکومت پاکستان کشمیر کاز کو متعلقہ فورم پر اجاگر کررہی ہے - عالمی برادری کشمیری عوام کو جائز حق دلانے میں کردار ادا کرے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہد ہماری اپنی جدوجہد ہے۔ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا سورج آب وتاب سے طلوع ہوگا۔