ہری پور (ویب ڈیسک) ہری پور میں ٹریفک حادثے میں سابق ممبر قومی اسمبلی میاں گل عدنان اورنگزیب جاں بحق ہوگئے۔خاندانی ذرائع نے میاں گل عدنان اورنگزیب کے ٹریفک حادثے میں انتقال کی تصدیق کی ہے۔
جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ میاں گل عدنان اورنگزیب ہزارہ یونیورسٹی سے واپس سوات جارہے تھےکہ راستے میں ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمودخان نے میاں گل عدنان اورنگزیب کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئےکہا ہےکہ وہ اہل خانہ کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔
خیال رہےکہ میاں گل عدنان اورنگزیب سابق والی سوات کے پوتے اور سابق فوجی حکمران جنرل ایوب خان کے نواسے تھے، اس کے علاوہ وہ سابق گورنر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میاں گل اورنگزیب ولی عہد کے صاحب زادے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں حسن گل کے بڑے بھائی تھے، وہ سوات کے شاہی خاندان کے سربراہ بھی تھے۔