لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ترقی کا راستہ کھیت سے گزرتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی ہوا چل پڑی۔ کام کرنا مسلم لیگ (ن) کے سوا کسی کو نہیں آتا۔
ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اور سب سے بڑا سپر سیڈر پراجیکٹ لانچ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے بتایاکہ پورے پنجاب میں 300 سپر سیڈر تھے جن میں آج مزید ایک ہزار شامل ہوچکے ہیں، 5سال میں5ہزار سپرسیڈر ہونگے۔ 13لاکھ کا سپر سیڈر لینے کے لیے کاشتکار کو 5لاکھ دینے ہونگے8 لاکھ حکومت دے گی۔ سپر سیڈر کے استعمال سے ماحول آلودہ نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ سموگ سے بہت سی بیماریاں پھیلتی ہیں اسی لیے سموگ کو ختم کرنے میں عوام کا بھرپور تعاون ضروری ہے۔سیٹلائٹ مانیٹرنگ کے ذریعے چمنی سے دھواں دیکھ کر فوری ایکشن ہو تا ہے۔ کاشتکاروں کو جدید ترین زرعی آلات 60فیصد سبسڈی پر دینگے۔ کسان کارڈ سے کاشتکار دس ارب کے زرعی مداخل خرید چکا ہے۔ سڑکیں اور انفراسٹرکچر بننے سے ترقی کا آغاز ہوتا ہے۔ جنگلا بس کہنے والوں نے خود میٹرو کا ناکام پراجیکٹ بنایا جسے روز آگ لگ جاتی تھی-
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ آزاد کشمیر سے لوگ پنجا ب میں سستی روٹی اور مہنگائی کم ہونے کی وجہ سے آرہے ہیں۔ مہنگائی کم کرنے کے لیے دل میں عوام کا درد ہو نا ضروری ہے۔ گالی دینے سے پیٹ نہیں بھرتا،دن رات کام کرنے سے ہی عوام کے مسئلے حل ہوتے ہیں۔ 26 ویں ترمیم اور چیف جسٹس کو نہ ماننے والے تقریب حلف برداری میں پہلے آکربیٹھے تھے۔ اب چپ کر کے گھر بیٹھ جاؤ، اب تم نے اقتدار میں نہیں آنا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ پہلا گرین ٹریکٹر بھی نواز شریف نے دیا، کسان کارڈ کی وجہ آڑھتی کے جبر سے بچ گئے۔وزیر اعلیٰ نے سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، وزیر زراعت عاشق حسین اور سیکرٹری زراعت افتخار سہو کی کاوشوں کو سراہا -
قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے کاشتکاری کیلئے جدید ترین زرعی مشینری اور آلات کی نمائش دیکھی اور دھان کی باقیات کو تلف کرنے والے رائس ہارویسٹر کا معائنہ کیا-ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کو رائس ہارویسٹر پنجاب میں متعارف کرانے اور رینٹل سروسز فراہم کرنے کی ہدایت کی -وزیر اعلیٰ نے پنیری کاشت کرنے کے لیے رائس ٹرانسپلانٹر میں دلچسپی کا اظہارِکیا اور رائس نرسری ریزنگ مشین، مکینکل شیلر کا بھی معائنہ کیا- پٹیٹوپلانٹر، شوگر کین پلانٹر، شوگر کین رجر، ویٹ بیڈ اینڈ فرودرل، مکء شیلر کی نمائش دیکھی -وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گندم کی سٹی کو توڑی میں بدلنے والے ویٹ سٹراچاپر، کلکٹر میں اظہار دلچسپی کیا-بوم سپرئیر، پارو سپرئیر، ڈیسک پلو اور ویٹ ریپر اور دیگر جدید زرعی آلات کا معائنہ کیا-وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مؤثر سپرے کیلئے ڈرون سپرئیر کی فراہمی کا جائزہ لینے کا حکم دیا-
تقریب سے صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے بھی خطاب کیا، اغراض ومقاصد بیان کیے-سیکرٹری زراعت افتخار سہو نے سموگ کنٹرول پروگرام لے تحت سپر سیڈر پراجیکٹ کی تفصیلات بیان کیں -