برازیلیا (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزن کم کرنے کی حیرت انگیز کہانی کے باعث مشہور ہونے والے ریئلٹی ٹی وی سٹار اور برازیلی انفلوئنسر گیبریل فریٹاس 37 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔گیبریل نے 203 کلو گرام وزن کم کر کے دنیا کو حیران کر دیا تھا، لیکن اپنے والد اور بھائی کی وفات کے بعد انہوں نے دوبارہ وزن بڑھا لیا۔ وہ 30 دسمبر کو بستر پر دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کے قریبی دوست ریکارڈو گوویہ نے کہا کہ گیبریل" تقریباً سوتے ہوئے انتقال کر گئے اور انہیں کوئی تکلیف نہیں ہوئی۔وہ آخری وقت تک لڑتے رہے۔ وہ ایک بہت مضبوط اور نیک دل انسان تھے، اور میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔"
ڈیلی سٹار کے مطابق 2017 میں گیبریل نے برازیل کے ایک ٹی وی پروگرام Programa do Gugu میں شرکت کی، جہاں ان کی حیرت انگیز وزن کم کرنے کی کہانی پیش کی گئی۔ سنہ 2015 میں ان کا وزن تقریباً 317 کلوگرام تھا لیکن انہوں نے متوازن غذا اور ورزش کی مدد سے اپنا وزن کم کیا۔لیکن بدقسمتی سے اپنے والد اور بھائی کی وفات کے بعد گیبریل نے دوبارہ وزن بڑھا لیا اور انتقال کے وقت ان کا وزن تقریباً 381 کلوگرام تھا۔ گیبریل نے انسٹاگرام اور یوٹیوب پر اپنی جدوجہد شیئر کی اور دوسروں کو ترغیب دی کہ وہ بھی وزن کم کر سکتے ہیں۔
پچھلے سال اکتوبر میں انہوں نے ایک بار پھر وزن کم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا اور کہا تھا "میں خدا کی مدد سے دوبارہ اپنی جدوجہد شروع کروں گا۔ یہ ایک نئی شروعات ہے۔"