علی امین گنڈا پور گرفتار،نجی ٹی وی چینل کا دعویٰ، سرکاری ذرائع کی تردید

Oct 05, 2024 | 04:20 PM

اسلام آباد (ویب ڈیسک) نجی ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو کے پی ہائوس سے گرفتار  کرلیا گیا تاہم سرکاری ذرائع کاکہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کی خبر غلط ہے۔

نجی ٹی وی چینل جیونیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ  علی امین گنڈا پور پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، سرکاری وسائل کا غلط استعمال کرنے کے الزامات ہیں، آئی جی اسلام آباد نے خود علی امین گنڈاپور کو گرفتار کیا۔

ادھر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سے رابطہ نہیں ہوپارہا، رینجرز نے کے پی ہائوس اسلام آباد کو سیل کردیا ہے۔ 

  جیو نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو قیدی وین میں بٹھا کر نامعلوم مقام کی طرف لے جا یا گیا ہے اور ان کیخلاف ریاست پر حملہ آور ہونے کے الزام میں کارروائی کی جائے گی ۔بعدازاں جیونیوز نے ہی سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار نہیں کیاگیا، گرفتاری کی خبر غلط ہے۔ 

اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے ۔  جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن زیدی نے تھانہ بارہ کہو میں درج مقدمے کی سماعت کی اور اس دوران غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کے کیس میں علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ علی امین گنڈا پور متعدد بار عدالتی طلبی کے باوجود عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت میں پیش کیا جائے اور کیس کی سماعت کو 12اکتوبر تک ملتوی کردیا۔

مزیدخبریں