ونود کامبلی مالی مشکلات کا شکار: فون کی مرمت نہ کروا سکے، دکان دار نے فون ضبط کر لیا
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی ونود کامبلی جو کبھی 13 کروڑ روپے کی مالیت رکھتے تھے، آج مالی مشکلات کا شکار ہیں اور بی سی سی آئی کی پنشن پر گزارہ کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کامبلی پچھلے چھ ماہ سے اپنا موبائل فون استعمال نہیں کر رہے کیونکہ وہ اس کی مرمت کے 15 ہزار روپے ادا کرنے کے قابل نہیں تھے۔ونود کامبلی کے پاس ایک آئی فون تھا، لیکن مرمت کی رقم ادا نہ کر پانے پر دکان دار نے ان کا فون ضبط کر لیا۔ یہ خبر ان کی مالی مشکلات کی شدت کو ظاہر کرتی ہے۔
نیوز 18 کے مطابق ونود کامبلی اس وقت تھانے کے آکریتی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ڈاکٹروں نے ان کے دماغ میں خون کے لوتھڑے اور پیشاب کی نالی میں انفیکشن کی تشخیص کی ہے۔ اگرچہ ان کی صحت میں بہتری آئی ہے، لیکن ان کی یادداشت کی کمی نے ڈاکٹروں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ ڈاکٹر دویدی کا کہنا ہے کہ ان کی یادداشت 80 سے 90 فیصد تک بحال ہو سکتی ہے۔
ونود کامبلی اس وقت بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ملنے والی 30 ہزار روپے ماہانہ پنشن پر اپنے خاندان کی کفالت کر رہے ہیں۔ ان کی اہلیہ آندریا ہیوٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی رہائشی سوسائٹی نے 18 لاکھ روپے کے واجبات کے لیے ان پر دباؤ ڈالا ہے۔ اس کے بعد ایک سیاسی جماعت نے 5 لاکھ روپے کی مدد کی پیشکش کی، لیکن یہ رقم بھی واجبات کی ادائیگی کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔