جان لیوا حادثے کے بعد 30 روز کیلئے ’فیصل موورز‘ کا آپریشن معطل کردیا گیا
لاہور (ویب ڈیسک) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (NHMP)، موٹروے نارتھ زون نے اپنے دائرہ اختیار میں فیصل موورز کے آپریشنز کو 30 دن کے لیے معطل کر دیا ہے، یہ فیصلہ 30 دسمبر 2024 کو فیصل موورز کی بس کو اٹک کے قریب پیش آنے والے ایک المناک حادثے کے بعد کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 14 دیگر زخمی ہوئے تھے۔
نیوزویب سائٹ ’پروپاکستانی‘کے مطابق معطلی کا حکم، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، موٹروے نارتھ زون کی طرف سے جاری کیا گیا، کمپنی اور اس کے ڈرائیور کی جانب سے حفاظتی ضوابط اور آپریشنل پروٹوکول کی متعدد خلاف ورزیوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔فیصل موورز کے آپریشنز کی معطلی 31 دسمبر 2024 سے 29 جنوری 2025 تک نافذ العمل رہے گی۔ کمپنی کو موٹروے نارتھ زون کے اندر کام کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ NHMP نے کہا ہے کہ کمپنی کی طرف سے اگست 2021 میں NHMP سنٹرل پولیس آفس کے ذریعہ جاری کردہ معیاری آپریٹنگ پروسیجرز (SOP) میں بیان کردہ حفاظتی شرائط کو پورا کرنے کے بعد ہی آپریشن دوبارہ شروع ہوگا۔
یادرہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بہاولپور سے اسلام آباد جانے والی بس ڈرائیور کی تھکاوٹ کے باعث سڑک سے اتر کر الٹ گئی تھی۔
حادثے کی سرکاری رپورٹ میں بتایاگیا تھاکہ بس میں صرف ایک ڈرائیور موجود تھا جو NHMP کے ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل پانچ گھنٹے سے زیادہ گاڑی چلا رہا تھا۔
دوسری طرف کمپنی کا دعویٰ کہ ٹائر پھٹنے سے حادثہ پیش آیا ۔