ضلع کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ، ڈپٹی کمشنر شدید زخمی، ہسپتال منتقل
کرم(ڈیلی پاکستان آن لائن) امن معاہدے کے بعد ضلع کرم کے بگن بازار میں سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈی سی جاوید اللہ محسود زخمی ہو گئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق آج کئی دنوں کے بعد پہلا قافلہ روانہ ہوا ، اس کا بنیادی مقصد کرم کے درمیان آمدو رفت کے سلسلے کو بحال کرنا تھا ، امن معاہدہ ہو چکا ہے ۔ لیکن قافلہ روانہ ہوا اور جب تحصیل علیزئی میں عرفان کلی کے پاس پہنچا تو قافلے پر فائرنگ کی گئی جس میں ڈی سی کر م جاوید اللہ اور سیکیورٹی اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ڈی سی کو زخمی حالت میں علیزئی کے سرکاری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
بازار میں فائرنگ کے باعث امن معاہدے کے تحت جانے والا قافلہ واپس آ گیا ہے ۔ ڈی سی جاوید اللہ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کرنے کیلئے حکومت سے رابطہ کر لیا گیاہے جبکہ واقعہ سے متعلق صوبائی حکومت کو آگاہی بھی فراہم کر دی گئی ہے۔
امن معاہدے کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ دونوں فریقین اس پر عملدرآمد کریں گے لیکن جب آج قافلہ روانہ ہوا اور مشیر اطلاعات کے پی کے بھی وہاں پر موجود تھے ، انہوں نے قافلے کو روانہ کیا ۔ اس کے بعد یہ واقع پیش آیا، سیکیورٹی فورسز الرٹ ہیں، جرگے کے اراکین اور امن کمیٹی سے رابطے کیئے جارہے ہیں۔