سنگل ماؤں کو اپنے پیار کے جال میں پھنسا کر ان کے بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا شخص، دل دہلا دینے والی کہانی سامنے آگئی
ایڈنبرا (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایک بیمار ذہن شخص سنگل ماؤں کو ڈیٹنگ ایپس جیسے ٹنڈر کے ذریعے اپنی محبت کے جال میں پھنسا کر ان کے بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا تھا۔ 46 سالہ لاری ڈرائیور پال سٹیورٹ سکاٹ لینڈ کا رہائشی ہے۔ اس نے اکتوبر 2020 اور مئی 2024 کے درمیان نو سنگین جرائم کا اعتراف کیا ہے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق سٹیورٹ نے ٹنڈر اور دیگر ڈیٹنگ ایپس پر خواتین کے ساتھ تعلقات قائم کیے، جس کا مقصد ان کے بچوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنا اور ان کی تصاویر لینا تھا۔ اس کے بعد وہ ان گھناؤنی تصاویر کو ڈارک ویب پر ساتھی پیڈوفائلز کے نیٹ ورک میں بھیجتا تھا۔ 9 دسمبر کو ڈنڈی شیرف کورٹ میں بتایا گیا کہ اس کے قبضے سے 367 غیر اخلاقی تصاویر برآمد ہوئیں۔
سٹیورٹ کو ساڑھے تین سال قید کی سزا سنائی گئی اور اسے زندگی بھر کے لیے جنسی جرائم پیشہ افراد کے رجسٹر میں شامل کر دیا گیا ہے ۔ عوام کو مزید تحفظ فراہم کرنے کے لیے شیرف کارمائیکل نے 10 سالہ جنسی جرائم سے بچاؤ کا حکم جاری کیا جس سے سٹیورٹ کی انٹرنیٹ تک رسائی محدود ہو گئی اور اسے 18 سال سے کم عمر کسی بھی شخص کے ساتھ اکیلے رابطے سے منع کر دیا گیا۔