اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی مبینہ گمشدگی تاحال معمہ بنی ہوئی ہے،پی ٹی آئی کی جانب سے مسلسل دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انہیں کے پی ہاؤس سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ حکومت اس بات کی تردید کررہی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے پی ہاؤس سے بھاگ گئے ہیں لیکن وہ اس وقت کہاں ہیں یہ انہیں معلوم نہیں، ہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخو ا کو ڈھونڈ رہے ہیں،ان کی کے پی ہاؤس سے بھاگنے کی فوٹیج موجود ہے۔
اس ساری صورتحال میں گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی بھی میدان میں آئے اور وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاکے گاڑی کی ڈگی میں بیٹھ کر فرارہونے کا دعویٰ کردیا۔انہوں نے کہا کہ گنڈاپور نے ڈگی میں فرار ہو کر خیبرپختونخوا کی ناک کٹوا دی، اگر گرفتاری ہوتی تو فوٹیج بن جاتی ،ساری دنیا وہاں موجود تھی،وہ وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی اور گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کی جانب سے بیانات سامنے آئے تو کے پی حکومت بھی کہاں چپ رہنے والی تھی، مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے فوری طورپرتردیدی بیان جاری کردیا۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ محسن نقوی اور فیصل کریم کنڈی نے میڈیا کے سامنے کمال کی اداکاری کی،گورنر فیصل کریم کنڈی پرائے کی شادی میں عبداللہ دیوانے بنے ہوئے ہیں۔، وزیراعلیٰ کی جبری گمشدگی کا براہ راست ذمہ دار وزیر داخلہ محسن نقوی ہے، کے پی ہاؤس میں توڑ پھوڑ واضح ثبوت ہے کہ وزیراعلیٰ کو زبردستی حراست میں لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین کی مبینہ گمشدگی کی خبر آنے سے لیکر اب تک ان کا کچھ اتا پتانہیں،تاہم وفاقی حکومت اور کے پی حکومت اپنے مؤقف پر قائم ہے۔