ایدھی پاکستان کی ’ مدرٹریسیا‘ بلکہ’ مدر ٹریسیا‘ سے بھی آگئے تھے:امریکی ریڈیو کا خراج تحسین

Jul 09, 2016 | 11:04 AM

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ریڈیو این پی آر(نیشنل پبلک ریڈیو)نے پاکستانی قوم کے مسیحاعبدالستار ایدھی کی وفات کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی خصوصی رپورٹ میں انہیں پاکستان کی ’مدرٹریسیا‘قرار دیتے ہوئے ’مدرٹریسیا‘سے بھی عظیم قرار دیدیا۔

یہ بھی پڑھیں۔۔۔ایدھی کو  بے مثال خدمات پر متعدد قومی و بین الاقوامی اعزازت سے نواز گیا
این پی آر کے مطابق فقیر منش اور کراچی کے اندرون شہر سے تعلق رکھنے والے عبدالستار ایدھی انسانیت کی خدمت کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے تو انہوں نے سماجی خدمات کا ایسا عظیم اور وسیع نیٹ ور ک تیار کر لیا جس میں15سو سے زائد ایمبولینسز ،24گھنٹے ایمرجنسی سروس،یتیموں ،بے گھروں اور بے آسرا لوگوں کیلئے چھت کا انتظام،بلڈ بینکس شامل ہیں۔حتیٰ کہ ایسے وقت میں جب کراچی شدید دہشت گردی کا شکا ر تھا ایدھی خود اپنی ایمبولینس چلا کر ہشت گردی کا نشانہ بننے والے زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشیں اٹھانے کا سلسلہ جا ری رکھا۔

اسی بارے میں ..وفات سے پہلے عبدالستار ایدھی کی وصیت بھی سامنے آگئی
ایدھی نے اپنے آپ کو سیاسی یا حکومتی وابستگی سے خود کو دور رکھا اور صرف اور صرف عام لوگوں کی جانب سے دیئے جانے والے عطیات کو قبول کیا۔ریڈیو کے مطابق ایدھی نے بھلا دیئے جانے والوں کو گلے سے لگایا۔وہ اپنی بیوی کے ساتھ اس عام سے فلیٹ میں مقیم رہے جسے انہوں نے اپنی آرگنائزیشن کا دفتر بھی بنا رکھا تھا۔
امریکی ریڈیو کے مطابق مدر ٹریسیا کی نسبت عبدالستار ایدھی نے زیادہ مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں کیں۔ انہیں قتل کی دھمکیاں ملیں،ان کی ایمبولینسز اور ادارے کے رضاکاروں پر حملے ہوئے ۔عسکریت پسندوں نے ایدھی جھولا جیسے پروگرام پر قبضہ کرتے ہوئے ان چاہے بچوں کوپناہ دینے کے ان کے پروگرام کی شدید مخالفت کی۔
گزشتہ سال برطانوی اخبار گارڈین کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی نے بتایا تھا کہ شدت پسندایدھی کو کافر قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ نماز نہیں پڑھتے۔
خیال رہے کہ گزشتہ رات انسانیت کے مسیحا ،عظیم پاکستانی عبدالستار ایدھی 88سال کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔ان کی نماز جنازہ آج کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ادا کی جائے گی جس میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد کی شرکت متوقع ہے۔

مزیدخبریں