دین پاکستان ہے ایمان پاکستان ہے
ساری دنیا میں مری پہچان پاکستان ہے
وہ جو کہتے تھے کہ اک مہمان پاکستان ہے
ان کی گھٹیا سوچ پر حیران پاکستان ہے
جس میں ہم سب بیٹھتے ہیں ایک کنبے کی طرح
وہ محبت سے بھرا دالان پاکستان ہے
لاالٰہ کے نام پر یہ دیس ہے حاصل ہوا
لاالہ کا ہم کو اک عرفان پاکستان ہے
تیری سانسوں سے ہی وابستہ ہیں سب سانسیں میری
تیری خاطر زندگی قربان پاکستان ہے
میری آنکھوں میں نمی ہے میرے پاکستان سے
میرے ہونٹوں پر کھلی مسکان پاکستان ہے
دیکھتے ہیں جو بھی میلی آنکھ سے اس دیس کو
ان سبھی کو جنگ کا اعلان پاکستان ہے
اس کی ہریالی مسیحا بن کے ملتی ہے مجھے
میرے ہر دکھ درد کا درمان پاکستان ہے
چور ڈاکو اور لٹیرو بات تم میری سنو
تم سبھی لوگوں سے ہی ہلکان پاکستان ہے
اس کی آزادی کے صدقے سے ہی تم آزاد ہو
تم جو کہتے ہو کہ اک زندان پاکستان ہے
کوئی کہتا ہے مجھے ہر رات آکے خواب میں
سیڑھیاں چڑھتی ہوئی ڈھلوان پاکستان ہے
وادیٔ ناران بھی ہے میرے پاکستان میں
کوئٹہ، ملتان اور کاغان پاکستان ہے
لوگ جو چاہے کہیں اس میرے پیارے دیس کو
میرا پہلا عشق اور رومان پاکستان ہے
دیس کا ہر شخص ہی پہچان ہےاس دیس کی
ہر ہنر مند اور ہر ترکھان پاکستان ہے
جس کے بدلے میں میں رب کو کچھ بھی دے سکتی نہیں
میرے رب کا مجھ پہ وہ احسان پاکستان ہے
میں پرائے دیس میں آباد ہوں اک عمر سے
اور میرے دل کا بس ارمان پاکستان ہے
تم کہانی کو مری خواہ کوئی بھی عنوان دو
میرے قصے کا فقط عنوان پاکستان ہے
تم کہو مجھ کو ثمینہ یا کہو رحمت مجھے
سچ تو یہ ہے زیست کا سامان پاکستان ہے
کلام :ثمینہ رحمت منال