لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ سیمی راحیل بھی لاہور کی سموگ پر خاموش نہ رہ سکیں۔
ماضی کی ورسٹائل اداکارہ سیمی راحیل نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر لاہور کی سموگ سے متعلق تبصرہ کیا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔اداکارہ نے اپنی سٹوری پر طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’لاہور مر رہا ہے اور اسے بچانے کیلئے کوئی کچھ نہیں کررہا، ہر کسی کے پاس لندن جانے کا آپشن نہیں ہوتا‘۔
سیمی راحیل نے اس میں وزیراعلیٰ مریم نواز اور نواز شریف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے حکومت پنجاب پر تنقید کی ہے۔ سوشل میڈیا پر اداکارہ کا یہ بیان وائرل ہو رہا ہے جس پر صارفین کی جانب سے بھی بھرپور تبصرے کئے جارہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر کئی لوگ اداکارہ کو اس مسئلے پر آواز اُٹھانے کیلئے ان کی تعریف کرتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ پنجاب ترقی کر رہا ہے جبکہ سموگ کا مسئلہ گزشتہ حکومت کی وجہ سے سامنے آیا ہے کیونکہ ان کے دور میں اس سے بچاؤ کے اقدامات نہیں کئے گئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اداکارہ صبا قمر نے بھی سموگ کے باعث سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کرتے ہوئے جذبات بھرا پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔