دبئی (طاہر منیر طاہر) جب سے متحدہ عرب امارات کا قیام عمل میں آیا ہے تب سے پاکستانی مختلف شعبوں میں یہاں کام کر رہے ہیں- پاکستانیوں نے یہاں مختلف النوع کاروباروں میں اپنا لوہا منوایا ہے جن میں ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے بزنس قابل ذکر ہیں- گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران ویسے تو بہت سے پاکستانی ریسٹورنٹ مشہور ہوئے لیکن کچھ ایسے ہیں جو اپنے کھانوں کا معیار برقرار رکھتے ھوئے آج بھی قائم ہیں اور لوگوں کے پسندیدہ ریسٹورنٹس ہیں-
گزشتہ دنوں دبئی اور شارجہ کے معروف پاکستانی ریسٹورنٹس کے مالکان جذبہ خیر سگالی کے تحت باہمی گفت و شنید اور تبادلہ خیالات کے لیے پاک صوفی ریسٹورنٹ پر اکٹھے ہوئے جن میں چودھری عبدالحمید آف راوی ریسٹورنٹ، حاجی محمد یٰسین آف النواب ریسٹورنٹ، سہیل خاور آف پاکستان سویٹس، چودھری محمد اشرف گل آف السراب المدینہ ریسٹورنٹ اور میاں غلام محی الدین آف پاک صوفی ریسٹورنٹ شامل تھے- متذکرہ تمام اصحاب ہوٹل/ریسٹورنٹ کی دنیا میں اپنا مقام اور نام رکھتے ہیں-
دوران میٹنگ چودھری عبدالحمید، حاجی محمد یٰسین، سہیل خاور، چودھری محمد اشرف گل اور میاں غلام محی الدین نے اپنے اپنے خیالات اور تلخ و شیریں تجربات بیان کیے-ہوٹلنگ کی دنیا کے متذکرہ نامور بزنس مینوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستانی اجناس اور خاص طور پر مسالا جات ذائقے کے اعتبار سے بہترین ہیں- پاکستانی سبزیاں اور فروٹ خاص طور پر آم اپنی مثال آپ اور پوری دنیا میں مشہور ہیں- متذکرہ ریسٹورنٹس نے کھانوں کا معیار برقرار رکھتے ھوئے دنیا بھر کے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر رکھا ہے-
ان ریسٹورنٹس پر نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر اقوام عالم کے لوگ بھی ذوق و شوق سے کھانا کھاتے ہیں- یہ ریسٹورنٹس ہم پاکستانیوں کا فخر اور وطن سے ہزاروں میل دور وطن کی آن ، بان، شان اور پہچان ہیں- اس موقع پر اتفاق رائے سے عہد کیا گیا کہ ہم پاکستانی پروڈکٹس خود استعمال کرتے ہوئے انہیں بیرون ملک بھی فروغ دیں گے-