لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے سانحہ 9 مئی اور سی سی ٹی وی شواہد سے متعلق صوبائی دارالحکومت لاہور میں میڈیا سے اہم گفتگو کی ۔ وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے حملوں کے حوالے سے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، تحریک انتشار کے لوگ اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی رٹ لگاتے رہے کہ ہمارے لوگ نہیں تھےایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے 9 مئی کے حملے کیے،تحریک انتشار کے سرکردہ رہنما 9 مئی کے حملوں میں ملوث تھے،پی ٹی آئی عہدیداروں کو 9 مئی کے لیے ہدایات دی گئیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے حساس تنصیبات پر حملے کیے، شہداءکی یادگاریں مسمار کیں، 9 مئی کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماﺅں کی ویڈیوز موجود ہیں لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، پشاور کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں۔سی سی ٹی وی فوٹیجز سے صاف ظاہر ہے کہ 9 مئی کے سانحہ میں پی ٹی آئی کے لوگ ملوث تھےانتشار اور فساد پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، لوٹ مار کرنا، چوری چکاری کرنا پی ٹی آئی کا منشور ہےسی سی ٹی وی فوٹیجز میں پی ٹی آئی کے لوگوں کو توڑ پھوڑ کرتے دیکھا جا سکتا ہےیہ چیخ چیخ کر کہہ رہے تھے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور شواہد سامنے لاﺅ،تمام شواہد آپ کے سامنے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ کیا بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے حواری قوم سے معافی مانگیں گے؟ قومی تشخص اور دفاعی تنصیبات کو جو نقصان پہنچایا گیا، کیا یہ اس کا خمیازہ بھگتنے کو تیار ہیں؟ میرا مطالبہ ہے کہ 9 مئی کے مقدمات کا جلد از جلد فیصلہ کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی مکروہ حرکت نہ کر سکے۔