جیکب آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) جیکب آباد میں سیلاب متاثرین کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا گیا ، مظاہرین کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ ضلعی انتطامیہ خیمے اور راشن من پسند افراد میں تقسیم کر رہی ہے ۔
نجی ٹی وی " ہم نیوز کے مطابق " جیکب آباد میں سیلاب متاثرین کی جانب سے بیگاری کینال کے قریب احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی گئی ، مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ سیلاب کے بعد متاثر ہوچکے ہیں، انتظامیہ نے کوئی تعاون نہیں کیا، ہمارے علاقوں میں پانی کی نکاسی کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے، ضلعی انتظامیہ من پسند افراد میں خیمے اور راشن تقسیم کر رہی ہے۔
متاثرین نے مطالبہ کیا کہ ہمارے علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔ ادھر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے امدای کارروائیاں جاری ہیں، سندھ حکومت کچے کو ٹھکانے لگانے کا کام کررہی ہے،سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب نے بہت بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے ،حکومت نے ملکی صورتحال میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے ، جبکہ بلوچستان اور سندھ کے بہت سے علاقوں کو آفت زدہ قرار دیدیا گیا ہے ۔حکومت کی جانب سے مخیر حضرات کے ساتھ عالمی سطح پر بھی امداد کی اپیل کی گئی ہے ۔
چند روز قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا، یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین نے جانی ،مالی اور ہر قسم کی قربانیاں دیں، سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصانات کے ازالے کے لیے پاکستان کو بڑی رقم کی ضرورت ہے،امید ہے عالمی ممالک ان حالات میں پاکستان کا ساتھ نبھائیں گے، کوئی شک نہیں موسمیاتی تبدیلی بڑا چیلنج ہے، جس سے پاکستان نمٹ رہاہے، قدرتی آفات سے مزاحمت نہیں کی جاسکتی مگر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اقدامات ہو سکتے ہیں، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات نہ کیے تو شاید آئندہ کا نقصان اس سے بڑاہو۔