اسلام آباد(آئی این پی)گزشتہ مالی سال کے دوران اشیائے ضروریہ پر حکومت کو 998 ارب روپے اضافی سیلز ٹیکس وصول ہوا۔
ایف بی آر دستاویز کے مطابق بجلی، گیس، چینی، سیمنٹ، سیگریٹس، چائے، مشروبات اور بسکٹس پر ٹیکس میں اضافہ ہوا، صرف بجلی کے بلوں سے 364 ارب 66 کروڑ روپے جمع ہوئے۔ایف بی آر دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ حکومت نے 24-2023 میں اشیائے ضروریہ پر سیلز ٹیکس وصولی کی مد میں 998 ارب روپے اضافی وصول کئے، بجلی، گیس، چینی، سیمنٹ، سگریٹس، چائے، مشروبات، بسکٹ پر ٹیکس میں اضافہ ہوا۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ مقامی سیلز ٹیکس وصولی کا حجم ایک ہزار 222 ارب روپے سے تجاوز کرگیا، عوام سے بجلی پر سیلز ٹیکس کی مد میں 141 ارب روپے اضافی وصول کیے گئے۔
ایف بی آر کے مطابق حکومت نے گزشتہ سال بجلی بلوں پر 364 ارب 66 کروڑ سیلز ٹیکس وصول کیا، ایک سال میں بجلی کے استعمال پر سیلز ٹیکس ریونیو میں 63.4 فیصد اضافہ ہوا، چینی پر 28.5 فیصد اضافے سے 98 ارب روپے سیلز ٹیکس وصول ہوا۔ایف بی آر دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ سیمنٹ پر ٹیکس وصولی 60 فیصد اضافے سے 66.61 ارب روپے ریکارڈ، سگریٹس پر سیلز ٹیکس میں 64.3 فیصد اضافہ، 61 ارب وصول ہوئے، سگریٹس پر 237 ارب روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور ایف ای ڈی میں 95 ارب روپے یعنی 67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق چائے پر سیلز ٹیکس وصولی 31 فیصد بڑھی، حجم 22 ارب 72 کروڑ رہا، گاڑیوں پر مقامی سیلز ٹیکس ریونیو میں 160 فیصد اضافہ ہوا جس 13.36 ارب رہا، بسکٹس پر سیلز ٹیکس وصولی 56 فیصد اضافے سے 15 ارب رہی، پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی وصولی میں 4.3 فیصد کمی آئی۔