سیف علی خان کے حملہ آور کی نئی ویڈیو، اداکار کے گھر میں 53 منٹ تک موجود رہا، مختلف بیگ کے ساتھ باہر نکلا
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سیف علی خان کے گھر میں گھسنے والے حملہ آور کی نئی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا گیا ہے کہ وہ 53 منٹ تک اداکار کے گھر میں موجود رہا اور جاتے وقت ایک مختلف بیگ کے ساتھ نکلا۔
نیوز 18 کے مطابق ویڈیو میں حملہ آور کو ٹی شرٹ اور جینز پہنے اور چہرے کو نارنجی سکارف سے ڈھانپے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے پاس ایک بیگ بھی موجود تھا۔ ویڈیو میں حملہ آور سیڑھیاں چڑھتے ہوئے دکھائی دیتا ہے، کیمرے کی طرف دیکھ کر چھپنے کی کوشش کرتا ہے، اور پھر ننگے پاؤں آگے بڑھتا ہے۔
حملہ آور نے سیف علی خان کے گھر میں داخل ہو کر اداکار پر چھری سے حملہ کیا، جس سے ان کے ہاتھ، گردن اور ریڑھ کی ہڈی پر چوٹیں آئیں۔ اس وقت گھر میں سیف علی خان، ان کی اہلیہ کرینہ کپور خان، ان کے دو بیٹے چار سالہ جہانگیر اور آٹھ سالہ تیمور اور پانچ گھریلو ملازمین موجود تھے۔
واقعے کے بعد سیف علی خان کو لیلاوتی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی ایمرجنسی سرجری کی گئی۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ اداکار اب خطرے سے باہر ہیں، لیکن انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ وہ اگلے دو سے تین دن میں ہسپتال سے ڈسچارج ہو جائیں گے۔