نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے دارالحکومت دہلی میں ایک نوجوان، جو اپنی شادی کے دعوت نامے تقسیم کرنے جا رہا تھا، کار میں آگ لگنے کے باعث ہلاک ہو گیا۔ یہ واقعہ غازی پور کے علاقے میں بابا بینکوئٹ ہال کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ شخص گاڑی کے اندر ہی زندہ جل گیا۔ واقعے کی جگہ کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان کی ویگن آر گاڑی مکمل طور پر جل چکی تھی۔ متاثرہ شخص کی شناخت گریٹر نوئیڈا کے رہائشی انیل کے طور پر ہوئی ہے، جو 14 فروری کو شادی کے بندھن میں بندھنے والا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انیل کے بڑے بھائی سمت نے بتایا "وہ دوپہر کو شادی کے کارڈ تقسیم کرنے نکلا تھا۔ جب رات دیر تک واپس نہیں آیا، تو ہم نے اسے فون کیا لیکن اس کا فون بند تھا۔ رات 11 سے ساڑھے 11 کے درمیان پولیس نے ہمیں کال کی اور بتایا کہ ایک حادثہ ہوا ہے اور انیل ہسپتال میں ہے۔"
متاثرہ کے برادرِ نسبتی یوگیش کے مطابق "انیل میری بہن سے 14 فروری کو شادی کرنے والا تھا. ہمیں اس کی موت کی خبر رات کو ملی۔ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا کہ گاڑی میں آگ کیسے لگی۔" پولیس نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں۔