لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر حکومت پنجاب نے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں 130 اشتہاریوں کے سر کی قیمت مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت محکمہ داخلہ پنجاب میں صوبائی ریوارڈ منی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، فرقہ واریت، دھماکہ خیز مواد کی ترسیل، سہولت کاری، اغوا برائے تاوان و قتل میں ملوث اشتہاریوں پر ہیڈمنی/ ریوارڈ منی مقرر کی گئی۔ صوبہ بھر میں 130 اشتہاریوں پر ہیڈ منی/ ریوارڈ منی مقرر کی گئی جن میں سے 101 کا تعلق بلیک بک ( انوسٹی گیشن ونگ) کے کیسز سے ہے جبکہ 29 کا تعلق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ریڈ بک سے ہے۔ ریڈ بک کے 13 نئے اشتہاریوں پر ہیڈ منی/ ریوارڈ منی مقرر کی گئی جبکہ 16 اشتہاریوں کی ہیڈ منی میں اضافہ کیا گیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جرائم کی نوعیت کے مطابق اشتہاریوں کے سر کی قیمت 2 لاکھ سے 1 کروڑ تک مقرر کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کچے کے ڈاکوؤں کی ہیڈ منی3 کیٹیگریز میں بالترتیب 1 کروڑ، 50 لاکھ اور 25 لاکھ مقرر کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب میں ہونے والے اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمن، سیکرٹری پراسکیوشن احمد عزیز تارڑ، ایڈیشنل آئی جی انویسٹیگیشن اظہر اکرم، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف، سی ٹی ڈی اور محکمہ فنانس کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق ٹارگٹ کلنگ میں مطلوب اشتہاری مرید حسین کی ہیڈ منی / ریوارڈ منی 2 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اشتہاری محمد صفدر کی ہیڈ منی 5 لاکھ سے بڑھا کر 40 لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔ خودکش دھماکہ میں سہولت کار اشتہاری سعد منیر ڈار اور محمد اعجاز کی ریوارڈ منی 2 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ فی کس کرنے کی منظوری دی گئی۔ بم دھماکے میں ملوث اشتہاری عمران ستار کی ریوارڈ منی 3 لاکھ سے 70 لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔ بم دھماکہ، ٹارگٹ کلنک اور دھماکہ خیر مواد میں ملوث اشتہاری سمیع اللہ کی ریوارڈ منی 2 لاکھ سے بڑھا کر 60 لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔ بم دھماکہ اور دھماکہ خیز مواد میں ملوث اشتہاری عبدالمجید رشید کی ریوارڈ منی 5 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔ بم دھماکہ اور گرجا گھر میں فائرنگ میں ملوث اشتہاری حافظ سلیمان کی ریوارڈ منی 3 لاکھ سے بڑھا کر 40 لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔ بم دھماکوں اور دھماکہ خیز مواد میں ملوث عبیدالرحمن کی ریوارڈ منی 10 لاکھ سے بڑھا کر 40 لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اشتہاری تنویر نقوی کی ہیڈ منی / ریوارڈ منی 5 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اشتہاری عمران زیدی کی ریوارڈ منی 1 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔ بم دھماکہ میں ملوث اشتہاری امجد عباس کی ریوارڈ منی 20 لاکھ سے بڑھا کر 25لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اشتہاری رضوان علی کی ریوارڈ منی 1 لاکھ سے بڑھا کر 40 لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اشتہاری بنیاد حسین کی ریوارڈ منی 1 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اشتہاری ملزمان تنویر حسین اور عنایت اللہ شاہ کی ریوارڈ منی فی کس 25 لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔ شیخوپورہ رینج کے3 اشتہاریوں کی ہیڈ منی / ریوارڈ منی فی کس 2 لاکھ مقرر کرنے کی منظوری جبکہ گوجرانوالہ رینج کے 5 اشتہاریوں کی ہیڈ منی / ریوارڈ منی 2 لاکھ فی کس مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ منڈی بہاؤالدین میں مطلوب اشتہاری کی ہیڈ منی / ریوارڈ منی 20 لاکھ مقرر کرنے کی منظوری جبکہ سرگودھا رینج کے2 اشتہاریوں کی ہیڈ منی / ریوارڈ منی 3 لاکھ فی کس، 2 اشتہاریوں کی 5 لاکھ فی کس اور ایک اشتہاری کی 20 لاکھ مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ ملتان رینج کے 5 اشتہاریوں کی ہیڈ منی / ریوارڈ منی 2 لاکھ فی کس، دو اشتہاریوں کی 10 لاکھ فی کس، 3 اشتہاریوں کی 5 لاکھ فی کس مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ فیصل آباد رینج کے ایک اشتہاری کی ہیڈ منی / ریوارڈ منی 2 لاکھ مقرر کرنے کی منظوری جبکہ ڈی جی خان پولیس کو مطلوب 3 اشتہاریوں کی ہیڈ منی / ریوارڈ منی مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔
یاد رہے کہ ہیڈ منی/ ریوارڈ منی پولیس ٹیم اور گرفتاری میں مدد کرنے والے افراد میں تقسیم کی جائے گی۔
صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری میں پیش رفت کا ماہانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا۔ عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کیلئے حکومت پنجاب ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ صوبے میں امن و امان کو قائم کرنے کے لیے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔