برطانیہ نے پی آئی اے کو کارگو کے بعد مسافر پروازوں کی بھی اجازت دیدی

Sep 24, 2025 | 03:26 PM

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کی قومی ایئرلائن کو ایک ہی روز میں دوسری بڑی کامیابی حاصل ہوگئی، پی آئی اے کو برطانیہ نے کارگو آپریشن کے بعد مسافر پروازوں کی بھی اجازت دے دی۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو TCO (Third Country Operator) کا فائنل لائسنس جاری کر دیا ہے جس کے بعد پی آئی اے کو برطانیہ سے باقاعدہ طور پر فلائٹ آپریشن شروع کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔

پی آئی اے حکام کے مطابق فلائٹ آپریشن کا آغاز پہلے مرحلے میں مانچسٹر ایئرپورٹ سے کیا جائے گا، اس سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور توقع ظاہر کی گئی ہے کہ آئندہ ایک ماہ کے اندر اندر فلائٹ آپریشن باضابطہ طور پر شروع کر دیا جائے گا۔

قبل ازیں برطانیہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ ڈی ایف نے پی آئی اے کو آڈٹ میں کامیابی پر کارگو آپریشن شروع کرنے کیلئے 5 سالہ لائسنس جاری کیا تھا، جس کے بعد پی آئی اے اپنی پروازوں میں اب پاکستان سے برطانیہ کیلئے کارگو لے جا سکے گا۔ 

پی آئی اے کو برطانیہ نے کارگو لائسنس ACC3 جاری کیا ہے، جس کے تحت 2030 تک پی آئی اے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے برطانوی شہریوں کیلئے کارگو لے جا سکے گا،یہ فیصلہ نہ صرف ایئرلائن کیلئے مالی طور پر مددگار ثابت ہو گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو بھی فروغ دے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اور برطانوی ٹیم نے پی آئی اے کا ان سائٹ آڈٹ کیا تھا۔
 

مزیدخبریں