ایک کروڑ سر کی قیمت رکھنے والے ڈاکو کا وزارت داخلہ کو فون،ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی

Aug 25, 2024 | 09:59 AM

رحیم یار خان(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکومت کی جانب سے خطرناک ڈاکوؤں کے سر پر ایک کروڑ روپے کا انعام  مقرر کیا گیا ہے،جس ڈاکوکےسرکی قیمت ایک کروڑہےاس نےخودہی انعام لینےوالےنمبرپرکال کردی، ڈاکو شاہد لونڈ نے وزارت داخلہ کے نمبر پر خود فون کرنے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہد لُنڈ کیمرے کے سامنے بیٹھ کر لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہتا ہے کہ آپ لوگوں کو معلوم ہے کہ ضلع رحیم یار خان تھانہ ماکھ چھکہ کی حدود میں ایک وقوعہ ہوا، اس میں 12اہلکار شہید اور 6زخمی ہوئے ہیں،ایک ڈاکوؤں کی طرف سے بھی مارا گیا ایک ڈاکو زخمی ہوا،شاہد لُنڈبلوچ کا کہناتھا کہ ویڈیو ریکارڈ کرنے کا مقصد یہ ہے کہ میڈیا پر جھوٹی خبریں چلائی جارہی ہیں،حکومت کی جانب سے پنجاب اور سندھ کے ڈاکوؤں  کے سر  کیلئے انعامات  رکھے گئے ہیں۔

شاہد لُنڈبلوچ وزارت داخلہ پنجاب کے دیئے گئے نمبر پر کال ملاکر اپنا تعارف کراتا ہے،شاہد لُنڈبلوچ نے وزارت داخلہ کے نمائندے سے گفتگو کرتےہوئے کہاکہ آپ نے 20ڈاکوؤں کا اشتہار جاری کیا ہے جس پر انعامات بھی رکھے ہوئے ہیں،اصل جو مجرم ہیں جہاں پولیس اہلکار  شہید ہوئے ہیں،ان لوگوں کے اشتہار میں نام بھی نہیں ہیں،آپ نے اشتہار میں پنجاب کے ڈاکوؤں کے نام لکھ دیئے ہیں، اس پر وزارت  داخلہ  کا نمائندہ کہتا ہے کہ اس میں سے کسی ڈاکو کا آپ کو پتہ ہے تو بتا دیں،اس پر شاہد لُنڈبلوچ کہتا ہے کہ اس طرح ہم کسی کی مخبری تو نہیں کریں گے ،آپ کس طرح ایسے کسی کے سر کی قیمت لگا سکتے ہیں،اتنا وافر پیسہ ہے تو غریبوں میں بانٹ دیں۔

اس پر نمائندہ وزارت داخلہ کہتا ہے کہ جس لیول پر ہم کام کرتے ہیں  یہ معاملہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے،ہمیں ڈائریکشن دی گئی ہے کہ ان میں سے کسی ڈاکو کے بارے میں کوئی بندہ جانتا ہے تو  اس سے انفارمیشن لے کر دیں،اس پر شاہد لنڈ کہتا ہے کہ آپ نے لسٹ میں بے گناہ لوگوں کے نام شامل کر دیئے ہیں،اس میں پہلا نام میرا(شاہد لُنڈ)ہے۔

نمائندہ وزارت داخلہ کا کہناتھا کہ آپ کا نام ہم نے تو شامل نہیں کیا،ہمیں تو ڈائریکشن اوپر سے آئی ہے،ڈاکو شاہد لُنڈ کا کہناتھا کہ آپ ان سے بات تو کر سکتے ہیں کہ ڈاکو کون ہیں،کس نے یہ کام کیا،کس نے ملازم شہید کئے ہیں،نمائندہ وزارت داخلہ کاکہناتھا کہ میں آپ کے جذبات کو اوپر تک پہنچا دوں گا، شاہد لُنڈ نے درخواست کی کہ اس لسٹ کو ختم کریں دوبارہ لسٹ بنائیں اور اصل ڈاکوؤں کی بنائیں جو مجرم ہیں، ہمارے نام کیوں شامل کئے ہیں۔

مزیدخبریں