بازار کیا ہے لالہ زار ہے ۔ہر شاخ کی کونپلیں شبنم سے نہیں سیم سے کھلتی ہیں ، انہیں دن کی چمک سُلادیتی اور رات کی کھٹک جگا دیتی ہے ، ان میں سے بعض عورتیں اناروں کے کُنج ہیں کہ دانہ دانہ پر مُہر لگی ہے ، بعض انگوروں کا گچھا ہیں کہ رندوں کا حلقہ نچوڑتا ہے ، بعض گوؤں کا چونا ہیں کہ گوالے دودھ دوہتے ہیں بعض کیلوں کی گہل ہیں کہ شوقین مزاج گودا کھا جاتے اور چھلکا پھینک دیتے ہیں ، بعض روٹیوں کی تھئی ہیں کہ نفس بھوکے ٹوٹے پڑتے ہیں اور بعض پانوں کی ڈھول ہیں کہ بانکے پتیاں چباتے اور چباتے ہی چلے جاتے ہیں ۔
عورتیں نہیں ، ساز کی دُھن ، طبلہ کی تھاپ ، رقص کا زاویہ ، اور بستر کی تنہائی ۔
****
اُس بازار میں۔۔۔طوائف کی ہوش ربا داستان الم ۔۔۔ قسط نمبر12پڑھنے کیلئے یہاں کلک کریں
دَڑبے
چکلہ میں اُوپر نیچے ٹیکائیاں ہی ٹیکیائیاں ہیں۔۔۔ سستی عورتیں جن کی دوکانیں دوپہر کو کھلتی اور رات گئے بند ہوجاتی ہیں ۔۔۔ بارہ بجے دن سے بارہ بجے رات تک ۔۔۔۔ ( یہ وقت پولیس کا مقرر کیا ہوا ہے ۔ شفق ڈھلتی ہے تو بازار کی چہل پہل بھی بڑھ جاتی ہے ۔تمام دوکانیں ہنڈولوں سے جگمگانے لگتی ہیں ۔کہیں سو کینڈل پاور کے بلب لٹکتے دکھائی دیتے ہیں اور کہیں سُرخ لالیٹین۔ نیکی کے دم واپسیں کی طرح جھلملاتی نظر آتی ہیں ، بازار کا بھاؤ دو سے تین روپے تک ہے۔ کہیں کوئی جسم آٹھ آنے میں بھی مل جاتا ہے ۔ زیادہ تراٹک پارکی عورتیں ہیں جو اکثر و بیشتر پشاوری حقے کے کش لگاتی ہیں ، پنجاب کی عورتیں لگاتار سگریٹ پیتی ہیں ، جب رات اور بڑھ جاتی ہے تو ہر عمر کے تماشائی پلے پڑتے ہیں ، ایک ہجوم اور آتا ہے ، کھوے سے کھوا چلتا ہے ۔ان کے قہقہے اور تماشائیوں کے آوازے یا پھر اُن کے آوازے اور تماشائیوں کے قہقہے یکساں گونجتے ہیں ۔کچھ منچلے گالیاں لڑھکاتے اور گالیاں کھاتے ہیں ، ہر دریچہ کے باہر ٹھیکیداریا اُن کا گماشتہ کھڑا رہتا یا ٹہلتا ہے، جب سودا ہوچکتاہے تو رقم گماشتہ لے لیتا ہے یا ٹکیائی اندر رکھی ہوئی بند صندوقچی میں ڈال دیتی ہے ، تب دروازے پر کُنڈی چڑھا دی جاتی ہے۔ گاہک پردے پیچھے توشک پر چلا جاتا ہے۔وہ بدنصیب بستر سے پہلے بخشیش مانگتی ہے ۔حسن کے زور پر جسم کی آڑ میں ، اسلام ورسول کے نام پر ، کوئی خدا ترس اُس کے ہاتھ میں چونی یا اٹھنی تھما دیتا ہے تو وہ تشکر کے لہجہ میں کہتی ہے دیکھیو ! وہ جان جو باہر بیٹھا ہے اُس سے نہ کہنا، مجھ سے چھین لے گا ، اس مرحلے میں کبھی کبھار اُس کی عورت جگہ اُٹھتی ہے۔ اُس کے روح کے کھرنڈ کو کریدنے سے لہو کے جو ذرے اُبھرتے ہیں ان میں کیا کچھ نہیں ہوتا ؟ عورت ہوتی ہے ، ماں ہوتی ہے، بہن ہوتی ، بیوی ہوتی ہے، بیٹی ہوتی ہے ۔۔۔ ہونٹ ہلتے ہیں لیکن پکارتے ضرورہیں۔
خورشید نام کی ایک لڑکی اسی گلی میں اکہرے مکان کے چو بارے پر بیٹھی ہے اُس کے ایک ہم نشین زمرد ہے۔ دونوں کی عمر میں تھوڑا ہی فرق ہے ۔خورشید کا رنگ ملیح ہے۔ آنکھیں گول ۔پلکیں لانبیں۔ قد میانہ ۔ناک نقشہ تیکھا۔ آواز کی اصل پنجابی ہے لیکن لہجہ میں دہلی کا پیوند بھی لگا ہوا ہے، عموماً لٹھے کی شلوار اور پھولدار قمیص پہنتی ہے ۔کانوں میں سونے کی بالیاں جھلمل جھلمل کرتی ہیں ، نظربہ ظاہر کسی اچھے گھرانے کی ’’آبرو‘‘ معلوم ہوتی ہے لیکن زمانے کی ٹھوکر سے بے راہ ہوگئی ہے ، خورشید اور زمرد ، دونوں ہمارے پاس آبیٹھیں ، خورشید نے چھٹتے ہی سوال کیا ، کہیے کیا حکم ہے۔‘‘
’’ہم سات ہیں ‘‘
’’ہم دو ہیں ‘‘
’’صرف تم ؟ ‘‘
’‘ فی مہمان پانچ روپیہ ہوں گے کل 35روپے ۔‘‘
’’ہونہہ‘‘ زینہ کی طرف انگلی اُٹھاتے ہوئے ’’ آپ جا سکتے ہیں ۔تیس روپے میں تو مرغی بھی نہیں ملتی ہے۔‘‘
ہم نے تکلفاً مڑنا چاہا اُس نے روک لیا۔
’’ چار روپے ‘‘
’’جی نہیں تین روپے ‘‘
اُس نے سرد آدہ کھینچی اور کہا’’ اچھا تو نکالئے اکیس روپے ‘‘
ہم سب ٹھٹھر گئے۔ اختر اور قاضی میرا منہ تکنے لگے۔ قاضی کے رخساروں پر لٹکتا ہوا گوشت اور بھی لٹک گیا۔ اُس نے عینک کو دبیز شیشوں پر کمخواب کی پٹی پھرتے ہوئے دبے الفاظ میں کہا۔’’21روپے‘‘
وہ تاڑ گئی کہ خالی خولی جنٹلمین ہیں ، اُن کے ہونٹ ایک غلیظ سا فقرہ لڑھکانے کے لئے مضطرب ہی تھے کہ اختر نے جیب سے دوسرخے نکالے اور کہا ’’یہ لو بیس روپے ہیں۔ کچھ معلومات لینے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ ہمارا کوئی مقصد نہیں‘‘
ؔ ’’معلومات‘‘
’’جی ہاں ‘‘
’’کیسی‘‘
’’ یہی آپ کے پیشہ کے متعلق ؟‘‘
’’تو آپ صبح تشریف لائیے ، اُس نے دس دس کے دو نوٹ مٹھی میں بھنیچتے ہوئے کہا آپ چاہیں تو یہ نوٹ واپس بھی لے سکتے ہیں‘‘
’’نہیں ، دن میں آنا مناسب نہیں ۔ اس وقت ہر خصوصیت معلوم ہو سکتی ہے۔ ‘‘
اُس نے ماتھے پر دو چار شکنیں ڈالیں کچھ سوچا اور کہا۔
’’ اچھا تو پوچھئے آپ کیا چاہتے ہیں۔‘‘
’’تمہارانام ‘‘
’’خورشید ‘‘
’’گھر کہاں ہے‘‘
’’جہاں آپ دیکھ رہے ہیں‘‘
’’ ہمارا مطلب ماں باپ کے گھر سے ہے ‘‘
’’یہ نہ پوچھیئے ؟ اس بازار کی کوئی عورت بھی اپنا صحیح پتہ بتانے کو تیار نہ ہوگی۔ ‘‘ ایک سردآہ کھینچتے ہوئے ’’بھلا یہاں عورتیں کہاں؟ یہ سب جسم ہیں یا گالی ! جو عورتیں بہ اصرار اپنا نام یا پتہ بتاتی ہیں وہ فریب دیتی ہیں سب جھوٹ ہوتا ہے‘‘ایک ملے جلے سوال کے جواب میں اُس نے کہا؟
’’غور سے دیکھئے یہ سب مکان نہیں ڈربے ہیں ۔ایک چھوٹے سے حجم کے ڈربہ کا کرایہ بھی سو سوا سو سے کیا کم ہے ، شہر میں ایسا مکان پانچ یا چھ روپے ماہانہ پر مل جاتا ہے لیکن اس لنکا میں ہر کوئی باون گز کا ہے ، مالک کا منشی ہر روز کرایہ وصولتا ہے ، تمام گلی کے مکان تین یا چار افراد کی ملکیت ہیں ، ان کی ہزار ہا روپیہ ماہوار آمدنی ہے ، جو عورت روزانہ کرایہ نہ دے سکے اُس کا سامان بلا توقف باہر پھینک دیا جاتا ہے۔ کئی لوگ پگڑی دینے کو تیار رہتے ہیں چونکہ آجکل کسا دبازاری ہے اس لئے بعض ڈربوں میں دو دو چار چار بیٹھتی اور گزر کرتی ہیں ، اکثر ٹھیکیدار کی مملوکہ ہیں اُن کا معاملہ دو لفظی ہے۔ جب تک ان کے جسم کی مانگ رہے وہ ٹھیکیدار کی دولت میں تواتر سے اضافہ کرتی چلی جاتی ہیں ۔جسم ڈھلتے ہی ٹھیکیدار نکال دیتے ہیں ، وہ دیکھئے سامنے ایک ڈلے ہوئے جسم کی کل سری لوہے کی کرسی پر بیٹھی ہے۔ اس نے اپنے مالک کے قحبہ خانے کی بنیاد رکھی جوانی بھر کما کر دیتی رہی ، اسی کی کمائی سے اُس نے گوشت پوشت کے بعض کھلونے خریدے ہیں۔ پر سوں ہی اُس نے مالک سے کہا گرمی زیادہ ہے ، مجھے بھی ایک پنکھالے دو ، اُس نے گالی لڑھکاتے ہوئے کہا یہ منہ اور مسور کی دال ۔تین روپے روز اڈے کا کرایہ۔ آٹھ آنے کی بجلی۔ آٹھ آنے پنکھے کے۔ ڈیڑھ روپے روز کی روٹی اور پھر کپڑالتا ۔ کماتی کیا ہو؟ کبھی چار اور کبھی پانچ ‘‘ اُس نے اصرار کیا تو اس بری طرح پیٹا کہ پناہ بخداد وہ چاہتا ہے یہ چلی جائے تو اس کی جگہ ایک اور جوان جسم آسکتا ہے۔
’’تو یہ چلی کیوں نہیں جاتی ‘‘۔۔۔ اختر نے سوال کیا
’’کہاں جائے ؟ اب ہڈیوں کا خول ہی تو ہے آپ نہیں جانتے ایک کسبی کا بڑھاپا بڑا ہی ویران ہوتا ہے۔ وہ دیکھئے ، اس طرف ایک معمر عورت مونڈھے پر بیٹھی ہے۔ اس کی کہانی بھی اس سے مختلف نہیں اب چارونا چار ’’آزاد ‘‘ ہے۔ بڑی مشکل سے دو چار روپیہ پیدا کرتی ہوگی۔ اس نے دو چھوٹی چھوٹٰی بچیاں خرید رکھی ہیں جنہیں بھائی کی بیٹیاں بتاتی ہیں ، خود گور کنارے آلگی ہے لیکن اس کے باوجود ان کی جوانی کے تصور سے مطمئن ہے‘‘
’’آخر یہ سب لڑکیاں کہاں سے آتی ہیں‘‘
اس نے زور کا ایک قہقہہ لگایا پھر بات اُٹھاتے ہوئے کہا’’اس گلی میں اس وقت کوئی چار سو کے لگ بھگ لڑکیاں ہوں گی ، آتی کہاں سے ہیں ؟ سنیئے ! کوئی دوڈھائی سو تو سرحد کے ٹھیکیداروں کی ملکیت ہیں جو سرحد ہی کے مضافات سے خرید کی گئی ہیں۔ ان میں سے بعض کو ان کے والدین روپیہ لے کر بیاہ دیتے اور ’’مصنوعی ‘‘ خاوند انہیں یہاں لا بٹھاتے ہیں ، کئی بردہ فروشوں سے مول لی گئی ہیں ، ان بردہ فروشوں کی کڑیاں دور دور تک پھیلی ہوئی ہیں ، جب کوئی عورت ایک چکلہ میں خاصی ہتھے چڑھ جاتی ہے تو پھر اُس کو دوسرے شہر کے لئے بیچ دیا جاتا ہے جو عورتیں اپنے طور پر بیٹھی ہیں اُن کی حیثیتیں مختلف ہیں مثلاً بعض یتیم خانوں سے اغوا کی گئی ہیں ، بعض کے والدین بیچ جاتے ہیں ، بعض سوتیلی ماں کے سولک سے تنگ آکر بھاگ آتی ہیں ، بعض کو جنسی لذت لے آتی ہے ، بعض کے آشنا دغادے جاتے ہیں ، بعض کا مسئلہ صرف پیٹ کا ہے اور اب بیسیوں مہاجرہ ہیں‘‘
’’کیا انہیں اس زندگی سے گھن نہیں آتی ؟‘‘
’’ضرور آتی ہے لیکن مجبور ہیں ۔‘‘
’’کیا مجبوری ہے ؟‘‘
اس نے پھر زناٹے کا ایک قہقہہ لگایا اور زمرد سے کہا ’’ سمندر کو آواز دو چینک چائے لے آئے۔مجبوری ڈھکی چھپی نہیں جو مالکوں کی قید میں ہیں ، وہ بے بس ہیں ، انہیں یقین ہو چکا ہے کہ ان کے متمول مالکون کا کچھ نہیں بگڑ سکتا وہ انہیں مجازی خدا سمجھتی ہیں۔
عورت اور روپیہ طاقت ور سفارش ہیں ، اُن کے سامنے قانون اور انصاف بھی گھٹنے ٹیک دیتے ہیں ، ان بدنصیبوں میں سے بعض کو تو یہ بھی معلوم نہیں کہ چکلے کے باہر کوئی اور دنیا بھی ہے یہ گاؤں کی لڑکیاں لاہور کو بھی گاؤں ہی سمجھتی ہیں ، اُن کے نزدیک ساری دُنیا ایک چکلہ ہے اور یہ اس چکلے کی ایک فرد ، پھر ایک کسبی کی فریاد سنتا کون ہے دُنیا مردوں کی ہے اور ان کے مالک مرد ہیں ، دُنیا دولت والوں کی ہے اور اُن کے آقا دولت والے ہیں ، فرض کیجئے یہاں سے بھاگ جائیں تو جائیں کہاں ؟ کیا کوئی مرد بستر بنائے بغیر عورت کو سہارا دینے کے لئے تیار ہے‘‘ ہم سن رہے تھے ،وہ قہر سامانی سے دل پر سچائیوں کی نوکدار حقیقتیں پھوڑ رہی تھی۔
(جاری ہے۔۔۔ اگلی قسط پڑھنے کیلئے یہاں کلک کریں)