لاہور یوتھ فیسٹیول کے ٹرائلز کا دوسرا روز ،  کامیاب کھلاڑیوں کیلیے انڈوومنٹ فنڈ سے سکالر شپ  کا اعلان

Oct 26, 2024 | 06:05 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور یوتھ فیسٹیول کے ٹرائلز کا سلسلہ دوسرے روز بھی الحمراء کلچرل کمپلیکس فیروزپور روڈ اور پنجاب سٹیڈیم میں جاری رہا۔ دوسرے روز پنجاب سٹیڈیم میں لڑکوں کی 100 میٹر ریس کے ٹرائلز ہوئے جس میں  28 تعلیمی اداروں کے تقریباً 150 طلباء نے دوڑ کے مقابلے میں حصہ لیا۔ دوسری جانب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ٹرائلز کلچرل کمپلیکس میں ہوئے جن میں طلباء مابین پینٹنگ، بیٹل آف بیںنڈ سمیت دیگر مقابلہ جات کا اہتمام کیا گیا۔ ٹیلنٹ ہنٹ کے مقابلہ جات میں حصہ لینے والے نوجوانوں کی تعداد بھی 100 سے زائد تھی۔ سجاد طافو، عائشہ مرزا، خواجہ نذر احمد، میاں محمد اطہر نے ججز کے فرائض سر انجام دئیے۔ اس موقع پر طلباء نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور کہا کہ ایسے ایونٹس ان کی تخلیقی کو جلا بخشنے اور ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

 لاہور یوتھ فیسٹیول کے اتھلیٹکس بوائز 100میٹر ٹرائلز کا انعقاد پنجاب سٹیڈیم میں ہفتہ کے روز کیا گیا ہے ٹرائلز کے مہمان خصوصی ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب پرویز اقبال تھے، ٹرائلز میں لاہور کی 28یونیورسٹیز سے بڑی تعداد میں کھلاڑیوں نے شرکت کی ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب پرویز اقبال نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت لاہور یوتھ فیسٹیول کے نام سے بڑا ایونٹ کروارہی ہے جس میں 8کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، نوجوان کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ٹیلنٹ سامنے کو سامنے لانے کیلئے لاہور یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب پرویز اقبال نے مزید کہا ہے کہ لاہور یوتھ فیسٹیول کے کامیاب کھلاڑیوں کو انڈوومنٹ فنڈ سے سکالر شپ دی جائے گی،کامیاب کھلاڑیوں کو مزید ٹریننگ دے کر نیشنل اور انٹرنیشنل مقابلوں کے لیے تیار کیا جائے گا،ٹرائلز میں تمام کھلاڑیوں کو اوپن ٹرائلز کے ذریعے منتخب کیا گیا ہے،لاہور یوتھ فیسٹیول میں کھلاڑیوں کو میرٹ پر منتخب کیا جارہا ہے،منتخب ہونیوالے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتاہوں۔
 لاہور یوتھ فیسٹیول بوائز 100میٹر اتھلیٹکس ٹرائلز  کے نتائج میں  پنجاب یونیورسٹی کے علی عزیر نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب  کے محمد عز یز دوسری،پنجاب یونیورسٹی کے محمد پرویزنے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے ندیم علی،حسیب بٹ سپیرئیر یونیورسٹی کے حمزہ علی،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے محمدوسیم اور عبدالمعیزنے بھی لاہور یوتھ فیسٹیول کے فائنل مقابلے کیلئے منتخب ہو گئے ہیں۔

مزیدخبریں