لاہور( جنرل رپورٹر228کرائم رپورٹر228مانیٹر نگ ڈیسک228 ایجنسیاں) انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں ۔کرکٹ شائقین کیلئے یہ خوشخبری ہے کہ پنجاب حکومت نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ٹو)کا فائنل قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہی کرانے کا اعلان کر دیا ہے جس کی وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے باقاعدہ طور پر منظوری دیدی ہے۔پی ایس ایل کا فائنل 5 مارچ کو کھیلا جائے گا ۔ آج سے ٹکٹوں کی فرخت شروع ہو گی ۔وزیراعظم ، آرمی چیف، وزرائے اعلیٰ سمیت اہم شخصیات کو لاہور میں پی ایس ایل فائنل دیکھنے کی باقاعدہ دعوت دی جائیگی۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فائنل کے انعقاد میں فوج کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم نواز شریف کی مشاورت سے کیا ہے۔کھلاڑیوں کو فول پروف سکیورٹی دی جائیگی، تمام سکیورٹی ایجنسیاں ملکر سکیورٹی یقینی بنائیں گی۔ 10 ہزار سے زائد اہلکاروں کو قذافی سٹیڈیم کے اطراف ، اندر زاور باہرتعینات کیا جائیگا، میچ سے2روز قبل قذافی سٹیڈیم کو مکمل طور پر بندکردیا جائیگا ۔شائقین کو 5 درجاتی سکیورٹی کے عمل سے گزارا جائے گا جس کیلئے50واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے،سٹیڈیم کے باہر ایلیٹ فورس کی30 سے زائد گاڑیاں بدستورگشت کرتی رہیں گی،پی ایس ایل کا فائنل ڈے اینڈ نائٹ ہو گا، مقابلہ شام ساڑھے چار بجے شروع ہو گا ۔ میچ اور اختتامی تقریب رات 11 بجے تک ختم کر دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں نے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کیلئے صوبائی کابینہ کو گرین سگنل دیا جس کی وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے باقاعدہ منظوری دیدی۔لاہورمیں پی ایس ایل فائنل کیلئے بھرپور سکیورٹی پلان تیارکیا گیا ہے پاک فوج اوررینجرز کو بھی س سکیورٹی پر مامورکرنے کی تجاویز زیر غور ہیں۔میچ سے دو روز قبل قذافی اسٹیڈیم مکمل بندکردیا جائے گا ،چپے چپے کی تلاشی کے بعد کلیئرنس دی جائے گی ۔ فیروز پورروڈمکمل بند ہو گی، نہرکے پل اور کلمہ چوک پر کنٹینر کھڑے کرکے ٹریفک بند کی جائیگی ، شائقین پیدل سٹیڈیم تک جائیں گے ،مین گیٹ سے صرف کھلاڑیوں اور وی وی آئی پیز کو گزارا جائے گا، گاڑیاں لبرٹی مارکیٹ کی پارکنگ میں کھڑی کی جائیں گی۔باوردی اہلکاروں کے ساتھ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دیں گے،ہرانٹری پوائنٹ پر گزرنے سے سے پہلے فزیکل چیکنگ ہو گی ، ٹیموں کو ہوٹل سے اسٹیڈیم تک وی وی آئی پی سکیورٹی دی جائے گی۔ایئرپورٹ سے ہوٹل اورہوٹل سے اسٹیڈیم تک روٹ کو مکمل طورپر عام ٹریفک کیلئے بند کردیا جائے گا۔پولیس اہلکار صبح 6 بجے اپنے اپنے انچارج کو رپورٹ کرینگے ،ناشتے سے کھانے تک اٹھنے والا کروڑوں روپے کاخرچہ ویلفیئر فنڈ سے ادا کیا جائے گا۔ پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے تمام تیاریں مکمل کر لی ہیں۔ دریں اثنا پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا اچھا فیصلہ ہے، بڑے بڑے لوگ دیکھنے آئیں گے،دنیا کے آٹھ ممالک کے سیکیورٹی ماہرین بھی فائنل دیکھنے لاہور آرہے ہیں۔جو غیر ملکی کرکٹر نہیں آئیں ان کی جگہ پچاس اور کرکٹر آنے کو تیار ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق کے مطابق نجم سیٹھی نے کہا کہ آٹھ ممالک کے سیکیورٹی ماہرین فائنل دیکھنے لاہور آرہے ہیں،جن میں انگلینڈ،آسٹریلیا،نیوزی لینڈ کے ماہرین شامل ہیں فائنل میں8غیرملکی کھلاڑی حصہ لینگے،ہرٹیم میں 4غیر ملکی کھلاڑی ہونگے،اللہ کے فضل اور قوم کی خواہش پر یہ فیصلہ ہوا ہے،پی ایس ایل پاکستان کے دل کی دھڑکن ہے،یہ سب کی سپورٹ سے پاکستان کے دل میں دھڑکے گا۔ فائنل 5مارچ کو ہونگے،آج سے ٹکٹ ملیں گے،آن لائن بھی ملیں گے اور آؤٹ لٹس پر بھی ملیں گی،ٹکٹس کی قیمت500،4ہزار روپے'آٹھ ہزار اور12ہزار روپے ہے۔بہت جلد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی۔
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا اہم اجلاس منعقد ہواجس میں پاکستان سپرلیگ کا فائنل میچ لاہور میں کرانے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران کابینہ کمیٹی برائے امن وامان اور دیگر صوبائی ووفاقی سیکورٹی اداروں کی مشاور ت سے سپرلیگ کا فائنل میچ لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلی شہباز شریف نے تمام اداروں کی مشاورت کے بعد لاہور میں فائنل میچ کرانے کی منظوری دی۔وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپرلیگ کے فائنل میچ کیلئے سوفیصد فول پروف سیکورٹی یقینی بنائی جائے گی وزیر اعلی نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایت کی کہ فائنل میچ کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں اور اس ضمن میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان روزانہ کی بنیاد پر تمام سیکورٹی اور دیگر انتظامات کا از خود جائزہ لے جبکہ میں ذاتی طور پر تمام انتظامات پر پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لوں گا۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا کہ ملک و قوم کے بہترین مفاد میں پاکستان سپرلیگ کا فائنل میچ لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور میری قوم سے اپیل ہے کہ فائنل میچ کو کامیاب بنانے کے لئے حکومت کی کاوشوں کا بھرپورساتھ دے کیونکہ ہم نے مل کر فائنل میچ کو کامیاب بنانا ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ فائنل میچ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام متعلقہ ادارے بہترین کوارڈینیشن کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرائض سرانجام دیں اور فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کے ساتھ دیگر انتظامات بھی انتہائی شاندار ہونے چاہئیں۔وزیر اعلی نیہدایت کی کہ وضع کردہ سیکورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جانا چاہیے اور اس ضمن میں مانیٹرنگ کا موثر نظام بھی وضع کیا جائے۔ فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے جو کچھ انسانی بس میں ممکن ہے وہ اقدام کیا جائے۔ فائنل میچ کامیاب بنانے کیلئے آپ سب نے دن رات محنت ، لگن ، جذبے اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہے ۔ انشاء اللہ عوام کی تائید و حمایت سے یہ میگا فائنل کامیابی سے ہمکنار ہو گا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کو مل کر ناکام بنائیں گے اور انشاء اللہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے ۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری داخلہ ، سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز نے سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔اجلاس میں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، کرنل (ر) ایوب گادھی،مشیر رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس ، سیکرٹری داخلہ ، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور ،قانون نافذ کرنے والے سول اداروں کے اعلی حکام اور متعلقہ افسر وں نے ا شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام اداروں کو بہترین کوارڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دینا ہیں اور اس ضمن میں آپ سب نے دن رات محنت ، لگن ، جذبے اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہے ۔ اگر آپ سب محنت اور عزم کے ساتھ دن رات کام کریں گے تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی اور فائنل کو کامیاب بنانے کے لئے آپ سب دن رات ایک کر دیں ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان فائنل میچ کے انتظامات کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے گی اور میں خود بھی اس ضمن میں رات کو کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے ساتھ میٹنگ کیا کروں گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے رکن قومی اسمبلی نجف عباس سیال اورسابق ایم پی اے قیصر امین بٹ نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بے لوث عوامی خدمت مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا ہے اورعوامی خدمت کے سفر کومشن سمجھ کر آگے بڑھا رہے ہیں ۔ وسائل قوم کی امانت ہیں اور ایک ایک پائی دیانتداری کے ساتھ فلاح عامہ کے منصوبوں پر خرچ کی جا رہی ہے اورمنصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو یقینی بنایا گیا ہے۔