سعودی عرب ،دلہااوردلہن شادی سے دوروزقبل حادثے میں جاں بحق

ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں دلہا اور دلہن شادی سے محض دو روز قبل پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔
سعودی عرب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی ، مطلوب دہشت گرد ہلاک
عرب ٹی وی کے مطابق وادی الدواسر سے تعلق رکھنے والے عبداللہ کے بھائی مسفر الدوسری نے بتایا کہ اس کی بھائی کی شادی کے تمام انتظامات جب مکمل کر لیے گئے تو شادی سے دو روز قبل البیشہ سے اس کی دلہن کو وادی الدواسر لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ واپسی پر دلہا اور دلہن کو ایک ہی گاڑی میں بٹھایا گیا۔راستے میں اس بدقسمت گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجے تیز رفتار گاڑی الٹ گئی اورعبداللہ نامی دلہا موقع پر ہی دم توڑ گیا جب کہ اس کی ہونے والی دلہن کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پانچ روز تک مسلسل موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد دلہن بھی دم توڑ گئی۔ مسفر الدوسری کا کہنا ہے کہ دونوں خاندانوں نے 10 روز تک اس المناک حادثے کا سوگ منایا۔رشتے میں دلہا دلہن ایک دوسرے کے خالہ زاد تھے۔ 23 سالہ عبداللہ پیشے کے اعتبار سے الیکٹریکل انجینیر تھا جب کہ لڑکی کی عمر اکیس سال بتائی جاتی ہے۔