سعودی حکومت نے حج کے فوری بعد عمرہ سیزن شروع کرنے کا اعلان کردیا

ریاض (اے پی پی)سعودی عرب کی حکومت نے مناسک حج کی ادائی کے مراحل کے اختتام کے ساتھ ہی بلا توقف عمرہ سیزن کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی حکومت نے سنہ 1438ھ کے حج کے لیے بھی انتظامات شروع کر دیے ہیں۔
سعودی وزیر برائے امور حج وعمرہ ڈاکٹر محمد بنتن نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ 1437ھ کے حج کے اختتام کے ساتھ ہی عمرہ سروسز شروع کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کے حج کے لیے بھی آج ہی سے پیشگی تیاریاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر حج نے رواں سال حج کو پرامن رکھنے کے لیے خدمات انجام دینے والے تمام سرکاری اور نجی اداروں کی خدمات کی تحسین کی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے ساتھ حجاج کرام اور دوسرے مسلمان ملکوں کی طرف سے بھی حج کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کیا گیا۔ڈاکٹر محمد البنتن کا کہنا تھا کہ آئندہ سال کے حج کے لیے آج ہی سے پلان ترتیب دیا جا رہا ہے۔
روزنامہ پاکستان کی خبریں اپنے ای میل آئی ڈی پر حاصل کرنے اور سبسکرپشن کیلئے یہاں کلک کریں
اللہ کے مہمانوں کی ہرممکن سہولت ، خدمت اور ضروریات کے پیش نظر تمام شعبوں میں افرادی قوت بڑھانے، حجاج کو مادی اور فنی سہولیات مہیا کرنے کے لیے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔