54سال بعدایک پاکستانی شکاری نے شاہ ایران کے بھائی کا سرنیچا کردیا

لاہور(شاہدنذیر چودھری،سپیشل ایڈیٹر)اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کے مایہ ناز شکاری ہشام اسامہ خان نے ہنزہ کی پاسو ویلی کے باتورا گاؤٔٔں میں بلندترین برف پوش پہاڑ پر دنیا کا سب سے بڑا ہمالین آئی بیکس شکار کرکے 54 سال بعدعالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے لیکن وائلڈ لائف والوں کا یہ دعویٰ سچ نہیں کہ انہوں نے شاہ ایران کاقائم کردہ ریکارڈ توڑدیا ہے۔
ایک سینئر شکاری کا کہنا ہے کہ ہشام اسامہ خان نے یکم جنوری 2016 کو53 انچ سینگوں والا ہمالین آئی بیکس(مارخور) شکار کیا تھا جبکہ شاہ ایران محمد رضا شاہ پہلوی کے سوتیلے بھائی شہزادہ عبدل رضا پہلوی نے اسرائیلی حکومت کی دعوت پر 1962 میں 53.8 انچ سینگوں والا” نمبین آئی بیکس“ شکارکرکے انٹرنیشنل آئی بیکس ٹرافی کاریکارڈ قائم کیا تھا جسے پاکستانی میڈیا اور وائلڈ لائف شاہ ایران محمد رضا پہلوی سے منسوب کررہے ہیں ۔شاہ ایران کا سوتیلا بھائی پرنس عبدل رضا پہلوی اپنے دور کا نامور شکاری تھا۔اسرائیلی حکومت نے جب وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کی ابتداکی تو اس نے ایران کے ساتھ دوستانہ تعلقات مضبوط کرنے کے لئے پرنس عبدل رضا پہلوی کو آئی بیکس کے شکار کی دعوت دی حالانکہ اس دور میں اسرائیل میں شکار کھیلنا غیر قانونی تھا لیکن پرنس عبدل کے لئے خصوصی اجازت نامہ جاری کیا گیا تھا۔ہاشم اسامہ خان کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ کا حالیہ ریکارڈپاکستان کی وائلڈ لائف کی انفرادیت اور مقبولیت کاثبوت ہے۔ہاشم اسامہ خان اس سے قبل مشکل ترین حالات میں ہمالین اور سندھ آئی بیکس کے کئی لوکل ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔پاکستان میں قانونی شکار کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور ہنٹنگ انڈسٹری کو فروغ دینے میں انکا کردار نمایاں ہے۔