سعودی عرب :کمپنیاں ملازمین کو کن حالات میں بغیر نوٹس نوکر ی سے نکا ل سکتی ہیں؟محکمہ لیبر نے بتا دیا

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزارت لیبر کی طرف سے ملازمین اور مالکان کی رہنمائی کیلئے وہ شرائط جاری کردی گئی ہیں جن کی بناءپر مالکان بغیر نوٹس کے ملازمین کو فارغ کرسکتے ہیں یا ملازمین بغیر نوٹس کے ملازمت چھوڑ سکتے ہیں۔ وزارت کی ویب سائٹ کے مطابق مالکان مندرجہ ذیل صورتوں میں ملازم کو بغیر نوٹس کے فارغ کرسکتے ہیں۔
٭.... اگر ملازم مالک یا کمپنی کے کسی فرد پر حملہ آور ہوجائے۔
٭.... احکامات کی تعمیل نہ کی جائے یا معاہدے کے مطابق ذمہ داریاں ادا نہ کی جائیں۔
٭.... ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جائے یا ساتھیوں کی جان کو خطرے میں ڈالاجائے۔
٭.... اگر ملازم کسی مادی نقصان کا باعث بنے۔
٭.... جعلی یا غلط تعلیمی سرٹیفکیٹ پیش کرے۔
٭.... غیر تسلی بخش وجوہات کی بناءپر سال میں 20 چھٹیاں کرے یا مسلسل 10 دن غیر حاضر رہے۔
٭.... اپنی حیثیت کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرے یا ادارے کے راز افشاءکرے۔
دوسری جانب ملازمین مندرجہ ذیل صورتوں میں بغیر نوٹس کے ملازمت چھوڑ سکتے ہیں:
٭.... اگر مالکان مالی ذمہ داریاں ادا نہ کریں یا ملازم کی رضا مندی کے بغیر معاہدے میں تبدیلیاں کریں۔
٭.... ملازمین سے غیر اخلاقی سلوک کیا جائے یا اُن پر حملہ کیا جائے۔
٭.... اگر ملازمین سے ظالمانہ سلوک کیا جائے یا انہیں پرُخطر حالات میں کام کرنے پر مجبور کیا جائے۔